ممبئی: 20/ جولائی ۔ (ورقِ تازہ نیوز)مہاراشٹر کے رائے گڑھ میں چٹان پھسلنے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ اس حادثے میں 30 خاندانوں کے پتھروں اور مٹی کے نیچے دبنے کا خدشہ ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی این ڈی آر ایف کی ٹیم نے موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔
پتھروں اور مٹی کے نیچے بہت سے لوگوں کے پھنسے ہونے کی بات کی جا رہی ہے۔ ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ رائے گڑھ کے کھالاپور میں پیش آیا۔
اب تک کی دستیاب معلومات کے مطابق واقعے میں 25 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔ ان میں سے چار لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 21 لوگ شدید زخمی ہیں۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کئی اور لوگ ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2014 میں پونے کے مالن میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔