برطانیہ یکم جون سے سعودی شہریوں کے لیے ای ویزا سروس متعارف کرائے گا

سعودی عرب میں برطانیہ کے سفیر نیل کرومپٹن نے بدھ کے روزاعلان کیا ہے کہ ان کا ملک یکم جون سے سعودی شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا سروس (ای ویزا) متعارف کرائے گا۔

کرومپٹن نے ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ یکم جون سے کوئی بھی سعودی شہری الیکٹرانک ویزا چھوٹ کے لیے آن لائن درخواست دے سکے گا۔

کرمپٹن نے بتایا کہ یہ ویزا چھے ماہ تک کے قیام کے لیے کارآمد ہوگا۔یہ اقدام دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش سے ہم آہنگ ہے اور ایک بڑی تبدیلی کا آئینہ دار ہے۔

سفیر نے کہا کہ ’’یہ ایک بہت دلچسپ خبر ہے، اس پرمیں بہت خوش ہوں اور برطانیہ میں (میرے ہم وطن)آپ میں سے مزید لوگوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں‘‘۔

برطانیہ میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے کہا کہ یکم جون تک سعودی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 24 گھنٹے کے اندر37 ڈالر (30 پاؤنڈ) میں الیکٹرانک ویزا چھوٹ مل سکتی ہے۔

سفارت خانے نے یہ وضاحت کی ہے جن درخواست دہندگان کو الیکٹرانک ویزا کے استثنا کی منظوری مل چکی ہو، انھیں اس کا پرنٹ لے لینا چاہیے اور برطانیہ میں پہنچنے کے بعد اس پرحکام کے سامنے پیش ہوکرمنظوری لینا ہوگی۔

بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کے اعداد و شمار کی بنیاد پر دنیا کے پاسپورٹوں کی درجہ بندی کرنے والے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق 2022 میں سعودی عرب کا پاسپورٹ عالمی سطح پر66 ویں نمبر پر تھا اور اس کے حاملین 79 ویزا فری مقامات پر جاسکتے تھے۔

Leave a comment