ممبئی: مہاوکاس اگھاڑی نے 24 اگست کو مہاراشٹر بند کی کال دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ آج ممبئی میں مہاوکاس اگھاڑی کی اہم اتحادی پارٹیوں کی میٹنگ ہوئی، جس میں اس بند کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بند میں ایم وی اے کی تمام پارٹیاں شامل ہوں گی۔ یہ اطلاع این سی پی- ایس پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے دی ہے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر میں خواتین اور بچیوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے جو ریاست میں محکمہ داخلہ کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت غیر فعال ہے اور اسی کے خلاف احتجاج کے طور پر 24 اگست کو مہاراشٹر بند کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بند میں مہاوکاس اگھاڑی کی تمام اتحادی پارٹیاں شامل ہوں گی۔
بدلاپور واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے جینت پاٹل نے بتایا کہ اس کیس میں ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر ہوئی جبکہ اسکول انتظامیہ نے بھی معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ اس کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور لوگ احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور وزیر اعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ وہ اس صورتحال کو کیسے سنبھال رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں بچوں کے خلاف جرائم 2014 میں 8000 تھے جو اب بڑھ کر 22000 ہو گئے ہیں، جبکہ خواتین پر ہونے والے مظالم کے واقعات کی تعداد 26000 سے بڑھ کر 50000 تک پہنچ چکی ہے۔ جینت پاٹل نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔