ای ڈی نے پہلی مرتبہ نیلام کیا منی لانڈرنگ میں ضبط طیارہ، 3 کروڑ روپے میں ہوا فروخت

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملک میں پہلی مرتبہ منی لانڈرنگ کے ایک مقدمہ میں ضبط کیے گئے طیارہ (چارٹرڈ طیارہ) کی نیلامی کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ای ڈی کے حیدرآباد زونل دفتر نے یکم جولائی 2026 کو ’ہاکر 800 اے‘ طیارہ سرکاری ای نیلامی پلیٹ فارم ’ایم ایس ٹی سی‘ کے ذریعے 3 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم عدالت کی اجازت ملنے کے بعد دھوکہ دہی کا شکار حقیقی سرمایہ کاروں کو واپس کی جائے گی۔

یہ طیارہ 7 مارچ 2025 کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای ڈی کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ضبط کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی کیپیٹل پروٹیکشن فورس پرائیویٹ لمیٹڈ، اس کے سربراہ امردیپ کمار اور دیگر افراد کے خلاف درج منی لانڈرنگ کے مقدمہ کے سلسلے میں کی گئی تھی۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی نے اس طیارہ کو ضبط کر لیا تھا۔ بعد ازاں ای ڈی نے اس ضبطی کے سلسلے میں پی ایم ایل اے کی فیصلہ ساز اتھارٹی کے سامنے درخواست دائر کی۔ 18 اگست 2025 کو طیارے کی ضبطی کو قانونی قرار دے دیا گیا۔ اس کے بعد ای ڈی نے طیارہ فروخت کرنے کی اجازت طلب کی، جو 20 نومبر 2025 کو منظور کر لی گئی۔

عدالت سے اجازت ملنے کے بعد ای ڈی نے نیلامی کا عمل مکمل کیا اور یکم جولائی 2026 کو طیارہ 3 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔ ای ڈی کی تحقیقات کے مطابق حیدرآباد کی کمپنی کیپیٹل پروٹیکشن فورس پرائیویٹ لمیٹڈ نے مبینہ طور پر ایک جعلی انوائس ڈسکاؤنٹنگ اسکیم چلا کر ہزاروں سرمایہ کاروں سے تقریباً 792 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی۔ ای ڈی کے مطابق لوگوں کو یقین دلایا گیا تھا کہ ان کی رقم انوائس ڈسکاؤنٹنگ کے کاروبار میں لگائی جائے گی اور انہیں بھاری منافع حاصل ہوگا، لیکن تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ایسا کوئی حقیقی کاروبار موجود ہی نہیں تھا۔ سرمایہ کاروں سے حاصل کی گئی رقم مبینہ طور پر ایک پونزی اسکیم کے ذریعہ جمع کی جا رہی تھی۔ یہ معاملہ سائبرآباد پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ میں درج 3 ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی نے کمپنی کے کئی عہدیداروں اور معاونین کے خلاف کارروائی کی۔

اس مقدمہ میں ای ڈی اب تک 3 افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان میں امردیپ کمار کے بھائی سندیپ کمار، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ شرد چندر توشنیوال اور فالکن انوائس ڈسکاؤنٹنگ کے سی ای او آرین سنگھ چھابڑا شامل ہیں۔ ای ڈی نے 29 ستمبر 2025 کو اس معاملے میں عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کر دی تھی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading