ایپ پر مبنی بسوں، کاروں اور بائیک ٹیکسیوں کو قانونی اصولوں پر عمل کرنا ہوگا — ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک
ممبئی، 11 دسمبر: (آفتاب شیخ)
مہاراشٹر میں ایپ پر مبنی بسوں، کاروں اور بائیک ٹیکسیوں کو ریاست میں کاروبار کرتے وقت مرکزی اور ریاستی حکومت کے مقرر کردہ قانونی اصولوں کی مکمل پابندی کرنی ہوگی۔ ریاست کے ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک نے واضح ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی نجی ٹرانسپورٹ سروس قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ودھان بھون میں منعقد ایک اہم اجلاس کے دوران کہی، جس میں ایپ پر مبنی ٹرانسپورٹ خدمات سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھیمانور اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ ریاستی حکومت ہمیشہ اختراعی اقدامات کی حامی رہی ہے تاکہ اس شعبے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے، لیکن ضروری ہے کہ تمام ایپ بیسڈ بسیں، کاریں اور بائیک ٹیکسیاں قانونی دائرے میں رہ کر اپنا کاروبار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سروسز نہ صرف مرکزی حکومت بلکہ ریاستی حکومت کے رہنما اصولوں پر بھی عمل کریں، کیونکہ یہ تمام قوانین عوامی مفاد میں بنائے گئے ہیں اور مسافروں کے حقوق اور سلامتی کی حفاظت کے لیے ان پر عمل درآمد لازمی ہے۔ لہٰذا، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔