ایس ٹی بسوں کا مستقبل ہائبرڈ ایندھن پر مبنی ہوگا
آلودگی میں کمی اور ایندھن پر خرچ میں بچت کا منصوبہ: وزیر ٹرانسپورٹ
ممبئی (آفتاب شیخ)
ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال سے ایس ٹی کی نئی بسیں ہائبرڈ ایندھن پر چلیں گی، جو ڈیزل کے متبادل ماحول دوست ایندھن جیسے سی این جی اور ایل این جی پر مبنی ہوں گی۔ بسیں ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی، اور صرف حالات میں ڈیزل کا استعمال کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
وزیر موصوف ماحول دوست ایندھن کے سلسلے میں ایس ٹی عہدیداروں اور ایندھن فراہم کرنے والی تنظیموں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی کارپوریشن اگلے پانچ برسوں میں ہر سال 5000 نئی بسیں خریدے گی، جن میں سے 2025-26 سے 20,000 بسیں مکمل طور پر سی این جی، ایل این جی یا ہائبرڈ نظام سے چلائی جائیں گی۔
پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ فی الحال ایس ٹی کی بیشتر بسیں ڈیزل پر چلتی ہیں، اور کارپوریشن کے کل اخراجات کا 34 فیصد ایندھن پر خرچ ہوتا ہے۔ روزانہ تقریباً 1.70 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، جس پر سالانہ 34,000 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ڈیزل ایندھن کی قیمتوں میں بار بار ہونے والے اتار چڑھاؤ اور اس کی مستقبل میں محدود دستیابی کے پیش نظر، متبادل ایندھن پر منتقل ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سی این جی اور ایل این جی نہ صرف سستے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔ یہ ایندھن بسوں کو فی لیٹر زیادہ فاصلہ طے کرنے کے قابل بناکر بہتر ایندھن کی اوسط کھپت فراہم کرتے ہیں۔ ایل این جی/سی این جی سے چلنے والی بسیں 5 تا 5.5 کلومیٹر فی لیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہیں، جب کہ ڈیزل پر یہی فاصلہ 4 کلومیٹر فی لیٹر ہوتا ہے۔ نتیجتاً، ان ایندھنوں کے استعمال سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ کنگز گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت ایس ٹی کارپوریشن کو ایل این جی ایندھن موجودہ ڈیزل قیمت سے 20 فیصد کم شرح پر فراہم کیا جائے گا، جس سے سالانہ تقریباً 235 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔
ریاست بھر میں 90 مقامات پر ایل این جی پمپس اور 20 سی این جی پمپس نصب کیے جا رہے ہیں، تاکہ ایندھن کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ ہائبرڈ بسیں تیار کرنے کے لیے بس ساز اداروں سے تجاویز بھی طلب کی جا چکی ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مستقبل میں ایس ٹی کارپوریشن کے بیڑے میں زیادہ سے زیادہ ہائبرڈ بسیں شامل کی جائیں گی، جو ایک محفوظ، ماحول دوست اور کفایتی سفری نظام کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔