ایران کا اسرائیل پر400 بیلسٹک میزائیلوں سے حملہ، موساد کا ہیڈ کوارٹر تباہ کرنے کادعویٰ،متعدد ہلاکتیں، ویڈیو

تہران :یکم /اکتوبر (ایجنسیز)حزب اللہ چیف حسن نصراللہ کی موت کے بعد بھی اسرائیل کے ذریعہ لبنان پر حملہ جاری ہے اور ہر طرف قتل کا بازار گرم ہے۔ اس درمیان ایران نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسرائیل پر حملہ کر دیا ہے۔ اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغی گئی ہیں جو تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ آئی ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ دیر رات کی وہ ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں بیلسٹک میزائل آسمان میں دکھائی دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے 400 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل اسرائیل پر داغے ہیں۔ ایر انی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائلی خفیہ ایجنسی موساد کا ہیڈکو ارٹر بھی تباہ کردیا ہے ۔مگر اب تک اسرائیل نے اسکی تصدیق نہیں کی ہے ۔ اس درمیان آئی ڈی ایف نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد پورے اسرائیل میں سائرن کی آوازیں گونج رہی ہیں۔دریں اثنارہائشی علاقوںمیں بھی میزائل گرے ہیں جس میں ایک شاپنگ مال بھی بتایاجارہا ہے اسلئے امکان ہے کہ متعدد تعدادمیں اسرائیل میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ شہریوں سے شیلٹر میں رہنے کی گزارش کی گئی ہے۔ خصوصاً وسطی اور جنوبی اسرائیل میں مقیم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بنکر میں چلے جائیں۔ ساتھ ہی اسرائیل نے اپنے سیکورٹی شیلڈ ’آئرن ڈوم‘ کو فعال کر دیا ہے۔

اسرائیل کا پورا زور ایرانی میزائلوں کو ناکام بنانے پر ہے۔ ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئرن ڈوم نے ایرانی میزائلوں کو گرانا بھی شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم ہر طرح کی دھمکی اور حملے کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔‘‘

اسرائیل کی جانب درجنوں میزائل داغے گئے ہیں: پاسداران انقلاب
ایران کے سرکاری ٹی وی نے پاسدان انقلاب کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے اسرائیل کی جانب درجنوں میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے۔پاسداران انقلاب نے اس بیان میں اسرائیل کو دھمکی بھی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو وہ مزید حملے کرے گا۔پاسداران انقلاب نے بیان میں ان میزائل حملوں کو جولائی میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ اور چند روز قبل حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ قرار دیا ہے۔پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس کی فضائیہ نے اسرائیل کے ’اہم ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا ہے اور اس کی تفصیلات کا اعلان وہ بعد میں کریں گے۔
آج رات کا ایرانی حملہ بظاہر اختتام کو پہنچ چکا ہے‘
اگر ایران اسرائیل پر مزید میزائل داغنے کا ارادہ نہیں رکھتا تو ایسا لگتا ہے کہ آج رات کا حملہ ختم ہو گیا ہے۔اسرائیلی حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اب بموں سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی پناہ گاہوں کو چھوڑ سکتے ہیں جبکہ اسرائیلی ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔سوشل میڈیا وسطی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کی تصاویر سے بھرا ہوا ہے، جن میں سے کئی کو روک لیا گیا لیکن کچھ واضح طور پر گرے بھی جس سے زبردست دھماکے ہوئے۔ان حملوں کے بعد کئی مقامات پر امدادی کارکن روانہ کیے گئے ہیں لیکن ابھی تک کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ایرانی میزائلوں کے حملے کو غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے بھی دیکھا جا سکتا تھا اور کچھ فلسطینیوں نے اسرائیل پر اس حملے کے بعد جشن منایا۔

شہری محفوظ مقامات سے اب باہر نکل سکتے ہیں: اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج نے اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات سے نکلنے کی ہدایات کردی ہیں۔اسرائیلی فوج نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے تمام مقامات سے لوگ محفوظ مقامات کو چھوڑنا چاہیں تو وہ نکل سکتے ہیں۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں تا حکم ثانی لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایات جاری کی تھیں اور یہ بھی کہا تھا کہ بہتر ہے کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں۔

اسرائیل نے دوبارہ ’غلطی‘ کی تو حملوں کی دوسری لہر مزید تباہ کن ہو گی: ایرانی حکام
ایران کی جانب سے اسرائیل پر منگل کی شب میزائل حملوں کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ یہ پاسدارانِ انقلاب کے حملوں کی پہلی لہر تھی۔ایران کے سرکاری ٹی وی پر ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ’فوجی مراکز اور تنصیبات ہمارے اہداف تھے، لیکن ممکنہ غلط فہمیوں کی وجہ سے ان حملوں میں عام شہری بھی مارے جا سکتے ہیں‘۔ابراہیم عزیزی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اسرائیل دوبارہ ’غلطی‘ کرتا ہے تو دوسری لہر آنے والی ہے جو ’مزید تباہ کن‘ ہو گی۔انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے جائزوں کے مطابق، اسرائیل آج رات ایران کے حملے کا ’جواب نہیں دے سکتا‘۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading