اہم خبر: چندریان-2 کی لانچنگ 2.43 بجے، سائنسداں پرجوش

چندریان-2 کی لانچنگ 2.43 بجے، سائنسداں پرجوش

انتظار کا وقت ختم ہو چکا ہے اور 2.43 بجے راکٹ جی ایس ایل وی-ایم کے3 سے لانچ کیا جائے گا۔ کرایوجینک اسٹیج پر لیکوئڈ آکسیجن کی فلنگ مکمل ہو گئی ہے اور لیکوئڈ ہائیڈروجن کی فلنگ جاری ہے۔ چندریان-2 کی لانچنگ کو لے کر سائنسداں پرجوش ہیں اور پورے ملک کی نظر اس پر ٹکی ہوئی ہے۔


سون بھدر سانحہ کے خلاف کانگریس ممبران پارلیمنٹ کا احتجاج

نئی دہلی: کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے اتر پردیش میں سون بھدر کے واقعہ اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے کیمپس میں پیر کو احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کانگریس کے دونوں ایوانوں کے ممبران، پارلیمنٹ کے کیمپس میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے جمع ہوئے اور نعرے لگانے لگے۔ کانگریس ممبران پارلیمنٹ اتر پردیش کی حکومت کو غریب اور دلت مخالف بتاتے ہوئے نعرے لگائے اور ریاستی حکومت سے غریبوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے رہے۔

احتجاج میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، چیف وہپ کے سریش اور گورو گوگوئی سمیت تقریباً تمام اہم رہنما موجود تھے۔ احتجاج کرنے والے ممبران سون بھدر میں پرینکا گاندھی کی گرفتاری کو غیر قانونی بتا رہے تھے اور ریاستی حکومت سے اس پورے معاملے پر جواب کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ہاپوڑ میں شدید سڑک حادثہ، 9 باراتیوں کی موت، 18 زخمی

ہاپوڑ: اترپردیش میں ہاپوڑ ضلع کے حافظ پور علاقہ میں ہوئے ایک شدید سڑک حادثہ میں 9 باراتیوں کی موت اور 18زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں بیشتر بچے ہیں۔ پولس ذرائع نے پیر کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دھولانا علاقہ کے سالے پور کوٹلہ کے باشندہ مہربان کی بیٹی گلفشاں کی اتوار کو شادی تھی۔ میرٹھ ضلع کے ننگلا گاؤں سے بارات آئی تھی۔ شادی کے بعد باراتیوں کو لے کر دیر رات تقریباً گیارہ بجے پک اپ گاڑی میں سوار باراتی اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ بلندشہر روڈ پر صادق پور گاؤں کے نزدیک تیز رفتار کینٹر نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اپ گاڑی پلٹ گئی اور 9 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 18 لوگ زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد کینٹر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولس حکام موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو الگ الگ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی لاشیں سڑک پر ہی پڑی تھیں۔

سعودی عرب کا ایران سے جہاز رانی میں رکاوٹ پیدا نہ کرنے کا مطالبہ

ریاض:سعودی عرب نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ پیدا نہ کرے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’جہارانی کی آزادی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ایران کو یہ بات ضرور سمجھنی چاہیے کہ حال ہی میں برطانوی جہاز سمیت دیگر بحری جہاز روکنے کی اس کی حرکتیں مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں‘‘۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس طرح کی حرکتوں کو روکنے کے لئے کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading