اہم خبریں: بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے نے یک روزہ بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

مہاراشٹر: بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے نے یک روزہ بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

مہاراشٹر میں بی جے پی میں مچی ہلچل کے درمیان پنکجا منڈے نے یک روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ یہ ہڑتال 27 جنوری 2020 کو کریں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا یہ ہڑتال کسی پارٹی کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی وہ پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ رکھتی ہیں، بلکہ یہ بھوک ہڑتال اس لیے ہے تاکہ لیڈرشپ کی توجہ مراٹھواڑا کے مسائل کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

 

آسام: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس لاء اینڈ آرڈر کا تبادلہ

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اس درمیان لاء اینڈ آرڈر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس مکیش اگروال کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ انھیں اب ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس (سی آئی ڈی) کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

 

مغربی بنگال: سی اے بی اور این آر سی سے متعلق ممتا بنرجی کی اہم میٹنگ 20 دسمبر کو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سی اے بی اور این آر سی سے متعلق ایک انتہائی اہم میٹنگ 20 دسمبر کو طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں ترنمول کانگریس کے لیڈران شرکت کریں گے اور تبادلہ خیال اس بات پر ہوگا کہ کس طرح سی اے بی اور این آر سی سے منسلک اندیشوں کو دور کیا جا سکتا ہے اور اس بل سے عوام کو ہونے والی پریشانیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔

 

شہریت ترمیمی بل 2019: آسام میں مظاہرین پر پولس نے کی فائرنگ، کئی افراد زخمی

شہریت ترمیمی بل 2019 کے خلاف آسام میں احتجاجی مظاہرے نے مزید شدت اختیار کر لی ہے اور ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ پولس نے مظاہرین پر کھلی فائرنگ کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس فائرنگ میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال کسی ہلاکت کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

 

کشمیر سے کنیا کماری تک حالات خراب، لیکن شمال مشرق میں حالت سب سے بدتر: غلام نبی آزاد

کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے آسام کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں کشمیر سے کنیا کماری تک حالات خراب ہیں، لیکن شمال مشرقی ریاستوں میں حالت سب سے زیادہ بدتر ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’دونوں ایوان میں شہریت ترمیمی بل 2019 پاس ہونے کے نتیجہ میں حالات بے قابو ہو رہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے لوگ مذہب سے اوپر اٹھ کر اس بل کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔‘‘

 

پی ایم مودی بھول گئے کہ آسام میں انٹرنیٹ بند ہے، کانگریس نے کیا طنز

پی ایم مودی نے ٹوئٹ کے ذریعہ آسام کے لوگوں سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔ اس ٹوئٹ پر کانگریس نے طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آسام میں ہمارے بھائی-بہن آپ کے پیغامات کو نہیں پڑھ سکتے مودی جی، اگر آپ بھول گئے ہیں تو بتا دیں کہ ان کا انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔‘‘

 

آسام میں پرتشدد مظاہروں کے سبب رنجی ٹرافی میچ کے بعد انڈین سپر لیگ بھی ملتوی

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ ان مظاہروں کے پیش نظر شہر میں ہونے والے فٹ بال میچ اور کرکٹ میچوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ریاست سے اڑنے والی اور دوسری ریاستوں سے آنے والی پروزوں کو رد کر دیا گیا تھا اور ساتھ ہی ٹرینوں کی آمد و رفت میں بند کر دی گئی ہے۔ فٹ بال اسپورٹس ڈیولپمنٹ لمیٹڈ نے انڈین سپر لیگ میچ ملتوی ہونے کی خبر دی جو کہ گواہاٹی میں نارتھ ایسٹ یونائٹیڈ ایف سی اور چنئین ایف سی کے درمیان کھیلی جانی تھی۔

 

انڈین یونین مسلم لیگ نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی

شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام اور تریپورہ میں زبردست احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور ان مظاہروں کو دیکھتے ہوئے یہاں ہونے والے رنجی ٹرافی میچ کو ختم کر دی اگیا ہے۔ اس درمیان بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف عرضی سپریم کورٹ میں داخل کر دی ہے۔ سینئر وکیل کپل سبل مسلم لیگ کی طرف سے وکیل ہوں گے اور مسلم لیگ نے اپنی عرضی میں شہریت ترمیمی بل 2019 کو غیر قانونی اور ناقابل قبول بتایا ہے۔

 

 

جمعیۃ علما ہند شہریت ترمیمی بل 2019 کو سپریم کورٹ میں کرے گی چیلنج

شہریت ترمیمی بل 2019 لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا میں بھی پاس ہو چکا ہے اور اس پر اب صرف صدر جمہوریہ کے دستخط کی ضرورت ہے۔ لیکن اس درمیان جمعیۃ علماء ہند کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ نے بھی شہریت ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس معاملے میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے کپل سبل وکیل ہوں گے۔

سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جھارکھنڈ میں تیسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے تیسرے مرحلہ کے تحت 17 سیٹوں پر ہونے والی ووٹنگ کی تیاری پوری ہو گئی ہے۔ رانچی، ہٹیا، رام گڑھ، کانکے اور برکٹھا اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ باقی اسمبلی حلقوں میں 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔

تیسرے مرحلہ میں 309 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، ان میں 32 خواتین ہیں۔ اس مرحلہ میں سب سے زیادہ 5618267 ووٹرس اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس میں مرد ووٹروں کی تعداد 2937976 ہے۔ وہیں، خواتین کی تعداد 2680205 ہے۔

گزشتہ الیکشن میں ان 17 سیٹوں میں سے 7 پر بی جے پی، 3 پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ، 3 پر جے وی ایم، 2 پر کانگریس اور 1-1 سیٹ پر آجسو اور سی پی آئی ایم کے امیدوار جیت کر اسمبلی پہنچے تھے۔ اس مرحلہ میں بی جے پی کے لیے اپنی سیٹ بچانے کا بھی چیلنج ہوگا، کیونکہ اس مرحلہ میں ان 4 سیٹوں پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں پارٹی بدل کر انتکابی جنگ میں اترے امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

 

ایودھیا کیس: 18 نظرثانی عرضیوں پر آج غور کرے گا سپریم کورٹ

ایودھیا اراضی تنازعہ معاملہ میں 9 نومبر کو سپریم کورٹ کے ذریعہ دیے فیصلے کے خلاف داخل نظرثانی عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی 5 رکنی آئینی بنچ دوپہر قریب 1.40 بجے 18 نظرثانی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔

 

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading