پربھنی: 9۔ جنوری۔(ورق تازہ نیوز)ملک کی کئی ریاستوں میں برڈ فلو کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور لاکھوں کی تعداد میں مرغیاں اور پرندے فوت ہوچکے ہیں۔اب یہ وباء شاید مہاراشٹر میں بھی پہونچ گئی ہے۔ کیونکہ پربھنی کے گاؤں مورمبا میں 900 سے زائد مرغیاں اچانک فوت ہو گئیں۔
محکمہ مویشی پالن کے ذمہ داران نے گاؤں کا دورہ کرکے مردہ مرغیوں کے نمونے جانچ کیلئے پونے بھیج دئیے ہیں۔ ادھر انتظامیہ نے اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مرومبا اور اس کے آس پاس کے 5 کلومیٹر کے علاقے میں پولٹری کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوجائے گا کہ مرغیوں کی موت واقعتا کس وجہ سے ہوئی ہے۔
گذشتہ دو دن میں گاؤں کے ساکنان وجے جھاڑے کی 100 ، رام چندر پرجاپتی کی 100 ، پربھاکر جھاڑے کی 500 اور وٹھل جھاڑے کی 200 سے زائد مرغیاں فوت ہوئی ہیں۔ جب اس بارے میں محکمہ مویشی پالن کو آگاہ کیا تو محکمہ کی ٹیم گاؤں پہنچ گئی ہے اور مردہ مرغیوں کے نمونے پونے کے تجرباتی لیب میں بھیجنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے مرومبہ اور اس کے آس پاس 5 کلو میٹر کے علاقے میں پولٹری کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔