اگر ہم میانمار، غزہ، انڈیا کے مسلمانوں کے مصائب سے غافل ہیں تو ہم مسلمان نہیں‘: ایرانی رہبر اعلیٰ کا بیان جس پر انڈیا کو تشویش ہے

ایران کے رہبر اعلیٰ اور روحانی پیشوا آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای نے پیغمبرِ اسلام کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انڈیا کو غزہ اور میانمار کے ساتھ ان ممالک میں شمار کیا ہے جہاں مسلمانوں کو مشکلات اور مصائب کا سامنا ہے۔انڈیا نے ایرانی مذہبی رہنما کے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے ’بے بنیاد‘ اور ’ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ انڈیا اور ایران کے تاریخی تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں لیکن گذشتہ برسوں کے دوران ان میں اتار چڑھاؤ نظر آیا ہے.گذشتہ روز ایران کے رہبر اعلیٰ کی جانب سے کی گئی ٹویٹس پوری دنیا میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کا احاطہ کرتی ہیں۔

سید علی خامنہ ای نے متواتر اپنی کئی ٹویٹس میں ’امت مسلمہ‘ کا ذکر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’امت مسلمہ کے تصور کو فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔‘ جبکہ اس کے بعد کی ٹویٹ میں انھوں نے میانمار، غزہ اور انڈیا کا ہیش ٹیگ کے ساتھ ذکر کرتے ہوئے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

ایرانی رہنما نے لکھا کہ ’اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں امت مسلمہ کے مشترکہ تشخص سے لاتعلق رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ہم اپنے آپ کو اس وقت تک مسلمان نہیں سمجھ سکتے جب تک ہم میانمار، غزہ، انڈیا یا کسی اور جگہ کے مسلمانوں کے مصائب سے غافل ہوں جو انھیں درپیش ہیں۔‘

اس کے بعد انھوں نے ’اتحاد‘ پر زور دیا اور اسے کسی حکمت عملی کے بجائے اسلام کا بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ قرآن میں موجود ہے۔‘
انڈیا کا ردعمل
انڈین دفتر خارجہ نے ایرانی رہنما کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انڈین دفتر خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم ایران کے رہبر اعلیٰ کی جانب سے انڈیا میں اقلیتوں کے بارے میں کیے گئے تبصروں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ غلط معلومات ہیں اور ناقابل قبول ہیں۔ اقلیتوں پر تبصرہ کرنے والے ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دوسروں کے بارے میں کوئی بات کرنے سے پہلے اپنے ریکارڈ کو دیکھیں۔‘

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر وہ انڈیا میں مسلمانوں کا اتنا ہی ہمدرد ہیں تو انھیں اپنے ملک میں جگہ دے جبکہ بعض نے لکھا کہ انڈیا دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں۔

بہر حال یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب ایران کے رہبر اعلیٰ کی جانب سے انڈیا کے مسلمانوں سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا ہو۔

اس سے قبل سنہ 2020 میں جب انڈین دارالحکومت دہلی میں مسلم مخالف فسادات ہوئے تھے تو بھی ایرانی رہنما نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کا ’قتل عام‘ قرار دیا تھا۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں انڈین حکومت سے کہا تھا کہ ’وہ ہندو انتہا پسندوں اور ان کی جماعتوں کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکیں ورنہ وہ دنیا میں تنہا پڑ جائے گا۔‘
ایرانی رہبر اعلیٰ کے بیان کا مطلب کیا ہے؟
ایران یوں تو غزہ میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور اسرائیل کی کارروائیوں کے خلاف بات کرتا رہا ہے لیکن انڈیا پر اس کا موقف عام طور پر دوستانہ رہا ہے۔

تو پھر انڈیا کے ایک دوست ملک کے اہم ترین رہنما کی جانب سے انڈیا کے مسلمانوں سے متعلق بیان کا کیا مطلب لیا جا سکتا ہے۔

ہم نے اس بابت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر محمد سہراب سے بات کی تو انھوں نے اسے انڈیا کے لیے ایک ’لمحۂ فکریہ‘ قرار دیا اور کہا کہ ہم نے ایسی صورت حال پیدا ہی کیوں ہونے دی کہ ایک دیرینہ دوست کی جانب سے اس طرح کا بیان سامنے آیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ایران کے رہنما کے بیان کو مسترد کر دینے سے زمینی حقائق پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا ہے۔ اور زمینی حقیقت یہ ہے کہ غزہ اور میانمار میں جس طرح سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ایک عرصے سے انڈیا میں مسلمانوں کو اس طرح کی صورت حال کا سامنا ہے۔ فرق یہ ہے کہ غزہ اور میانمار میں مسلسل جبر ہو رہا ہے جبکہ ہمارے یہاں انڈیا میں وقفے سے اور مختلف ریاستوں میں ہوتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’انڈیا کے اندر ایک خاص طبقے کی اندرونی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔’

انھوں نے کہا کہ ’اگر ہم اتنے ہی انصاف پرور ہیں تو ہمیں دوسروں کو موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں دخل دے۔‘

ایران – انڈیا تعلقات کے امور کی ماہر اور انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اینالیسز (آئی ڈی ایس اے) میں ریسرچ فیلو ڈاکٹر دیپکا سراسوت نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور انڈیا کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔ اس طرح کے بیانات آپ ایران کی حکومت کی جانب سے نہیں دیکھتے ہیں، نہ صدر کی جانب سے اور نہ ہی ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے۔ ایسے بیان ایران کے مذہبی پیشوا کی جانب سے آتے ہیں جس کے کئی مقاصد ہو سکتے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading