اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ کی میٹنگ میں بڑی پیش قدمی، 13 رکنی کوآرڈنیشن کمیٹی بنانے کا اعلان

آئندہ لوک سبھا انتخاب میں مرکز سے بی جے پی اتحاد کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپوزیشن اتحاد اِنڈیا پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں آج ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران انتہائی اہم پیش رفت دیکھنے کو ملی۔

اِنڈیا اتحاد نے 13 رکنی ایک کوآرڈنیشن کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں این سی پی چیف شرد پوار کا بھی نام ہے۔ ساتھ ہی لوک سبھا انتخاب میں اِنڈیا اتحاد کا نعرہ ہوگا ’جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا‘۔


آج ہوئی میٹنگ کے دوران اپوزیشن اتحاد اِنڈیا نے لوک سبھا انتخاب 2024 ایک ساتھ مل کر لڑنے کا عزم مصمم ظاہر کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس تعلق سے جانکاری دی۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے ایک ساتھ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا عزم کیا۔

جہاں تک ممکن ہوگا وہاں تک ہم ایک ساتھ لوک سبھا انتخاب لڑیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سیٹ کی تقسیم سے متعلق الگ الگ ریاستوں میں تبادلہ خیال جلد شروع کیا جائے گا اور جلد از جلد اسے پورا کیا جائے گا۔ ملک کے الگ الگ حصے میں جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔

الگ الگ زبانوں میں ’جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا‘ کی تھیم کے ساتھ اپوزیشن اتحاد انتخاب میں اترے گا۔ میڈیا کی مشترکہ پالیسی بھی بنائی جائے گی۔‘‘

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading