اسرائیلی فوج نے خنداب اور نظنز میں ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اراک جوہری ری ایکٹر ’غیر فعال‘ تھا جبکہ نظنز میں ’جوہری ہتھیاروں‘ کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکہ نے طیارہ بردار بحری جہاز نمٹز سمیت اپنےمتعدد فوجی اثاثے مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کر دیے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ ایران نے اب تک روس سے مدد نہیں مانگی ہے۔
بی بی سی کے امریکی شراکت دار سی بی ایس نے خبر دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے تاہم اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
بدھ کے روز ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر مزید میزائل حملے کیے۔ایران کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل ایران سے متعلق ایک اور ہنگامی اجلاس جمعہ کو صبح 10 بجے نیویارک میں منعقد کرے گی۔
اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے خلاف ورزی کرتے ہوئے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے: ایران
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران نے نطنز اور خنداب میں جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی اطلاع بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو دے دی ہے۔
تہران نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ورزی کرتے ہوئے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ خنداب میں اراک جوہری ری ایکٹر پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔