تلنگانہ کی حیدرآباد پولیس نے ’سندھیا 70ایم ایم تھیٹر‘ میں ہونے والی بھگدڑ کی تحقیقات مکمل کر لی ہے۔ اس معاملہ میں پولیس نے 24 دسمبر کو عدالت میں فلم اداکار اَلو ارجن، تھیٹر مالکان اور 8 باؤنسر سمیت 23 لوگوں کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں ان تمام کو قصوروار قرار دیا ہے۔ اب اس معاملہ میں عدالت سماعت کے بعد اپنا فیصلہ سنائے گی۔
حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے ہفتہ (27 دسمبر) کو کہا کہ ’’سندھیا 70ایم ایم تھیٹر میں پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ معاملہ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملہ میں جانچ پوری کر لی گئی ہے۔ کیس کی چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی گئی ہے۔‘‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اس معاملے میں 23 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ ان میں سے 14 کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 9 ملزمان کو پیشگی ضمانت مل گئی تھی، انہیں ضابطے کے مطابق نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔‘‘