اجمیر،یکم فروری (یواین آئی)راجستھان کے اجمیر میں صوفی حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کے سالانہ عرس کی روایتی مذہبی رسومات کا پروگرام جاری کیا گیا ہے۔اجمیر درگاہ کے روحانی سربراہ سجادہ نشین،درگاہ دیوان زین العابدین کے سکریٹری ایس اے چشتی نے پروگرام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ چاند دکھائی دینے پر دو یا تین فروری سے شروع ہونے والی رسومات کی صدارت خواجہ صاحب کے وارث زین العابدین کریں گے اور اس کے بعد ہی عرس کا روایتی آغاز ہوگا۔
چاند دکھائی دینے پردرگاہ محفل خانے میں عرس کی پہلی محفل ہوگی جو ایک اہم رسم ہے۔محفل کے دوران نیم شب غسل کی اہم رسم ہوگی جس میں مزار شریف کو کیوڑا اور گلاب جل سے غسل دے کر چندن پیش کیا جائےگا۔ یہ مذہبی رسم رجب یعنی کل کے دن تک بدستور جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ پانچ رجب کو دیوان صاحب کی صدارت میں خانقاہ شریف (خواجہ صاحب کی زندگی میں ان کے بیٹھنے کے مقام)میں دوپہر قدیمی محفل ہوگی جس میں ملک بھر کے سربراہان درگاہ کے سجادہ نشیں حصہ لیں گے اور خصوصی دعا کریں گے۔یہیں سے ملک کے عوام اور زائرین خواجہ کے نام دعا نامہ (پیغام جاری کیا جائے گا)۔عرس کے اختتام کی رسم قل کی رسم کے طورپر چھ رجب یعنی آٹھ یا نو فروری کو ہوگی جس کے تحت صبح محفل خانے میں قرآن خوانی ہوگی ،پھر گیارہ بجے قل کی محفل کا آغاز ہوگا۔
دوپہر ایک بجے فاتحہ ہوگی۔ یہاں سجادہ نشین کو خلعت سے نوازا جائے گا پھر دستاربندی کی جائے گی۔ محفل خانے سے درگاہ دیوان عابدین اپنے کنبے کے ساتھ آستانہ شریف میں قل کی رسم ادا کریں گے اورجنتی دروازے سے آستانہ شریف میں داخل ہونے کے بعد جنتی دروازہ بند کردیا جائےگا۔آستانے سے خانقاہ جانے پر قدیمی رسم کے مطابق عملہ شاگرد پیشہ (موروثی عملہ) سمیت سجادہ گانوں اور مذہبی سربراہان کی دستاربندی کی جائےگی۔قل کی رسم کے بعد ملک بھر سے آئے فقرا (کلندر)داغول کی رسم ادا کریں گے اور دستار بندی درگاہ دیوان کے ذریعہ کی جائےگی۔ قل کی رسم کے ساتھ ہی غریب نواز کے سالانہ عرس کا اختتام ہوجائےگا۔انہوں نے بتایا کہ یہ تمام رسمیں ریاستی حکومت کے ذریعہ جاری کووڈ19 رہنما خطوط کے مطابق مکمل کرائی جائیں گی۔