اب بھارت میں ہی ملے گی غیر ملکی تعلیم، نئی ممبئی میں پانچ بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم ہوں گے

اب بھارت میں ہی ملے گی غیر ملکی تعلیم، نئی ممبئی میں پانچ بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم ہوں گے

ممبئی، 14 جون

(آفتاب شیخ)
بھارتی طلباء کو اب اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ نئی ممبئی میں ملک کا پہلا بین الاقوامی تعلیمی مرکز قائم کیا جا رہا ہے، جہاں دنیا کی پانچ مشہور یونیورسٹیاں اپنے کیمپس قائم کریں گی۔ اس کے لیے ریاستی حکومت نے ان اداروں کو باقاعدہ لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) فراہم کر دیے ہیں۔

‘ممبئی رائزنگ: کریٹنگ این انٹرنیشنل ایجوکیشن سٹی’ کے عنوان سے ممبئی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ یہ اقدام نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کے تحت ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔ نئی ممبئی میں بننے والے اس تعلیمی مرکز میں برطانیہ، آسٹریلیا، امریکہ اور اٹلی کی معروف یونیورسٹیاں اپنے مستقل کیمپس قائم کریں گی۔ ان یونیورسٹیوں میں ایبرڈین یونیورسٹی (اسکاٹ لینڈ، یو کے)، یارک یونیورسٹی (یو کے)، ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی (آسٹریلیا)، الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (امریکہ) اور انسٹی ٹیوٹو یورپیو دی ڈیزائن (اٹلی) شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تعلیمی مرکز نئی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب قائم کیا جائے گا۔ آئندہ برسوں میں اس علاقے میں میڈیسٹی، اسپورٹس سٹی اور انوویشن سٹی بھی قائم کی جائے گی۔ منصوبہ ہے کہ مستقبل میں یہاں دس عالمی معیار کی جامعات کو ایک ساتھ لایا جائے، تاکہ نئی ممبئی کو تعلیمی مرکز کے طور پر عالمی شناخت حاصل ہو۔

تقریب میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی بھارت کو عالمی تعلیمی نقشے پر نئی پہچان دے گی۔ غیر ملکی جامعات بھارت آئیں گی اور بھارتی تعلیمی ادارے بیرون ممالک میں اپنی شاخیں کھولیں گے۔ اس سے بھارتی طلباء کو کم خرچ میں اپنے ہی ملک میں عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

تقریب میں برطانیہ کی ہائی کمشنر لنڈی کیمرون، آسٹریلیا کے قونصل جنرل پال مر فی، امریکہ کے قونصل جنرل مائیک ہینکی، اٹلی کے قونصل جنرل والٹر فیرا اور مختلف جامعات کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گجرات، احمدآباد ہوائی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں