ابوظہبی میں سعودی مسافرین کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم

ابو ظہبی ۔ابو ظہبی میں سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہے۔ ابوظہبی کے محکمہ سیاحت نے سعودی عرب کو سفر کی گرین لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ سعودی عرب سے ابوطہبی سفر کرنے والے افراد کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت آمد پر خود کو قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا تاہم ایسے مسافروں کو کوویڈ19 کا ٹسٹ کروانا ہوگا۔گرین لسٹ میں آسٹریلیا، برونائی، چین، یونان، گرین لینڈ، ہانگ کانگ، ملائشیا، موریشیئس، نیوزی لینڈ، سنگاپور، تائیوان، تاجکستان، تھائی لینڈ، ازبکستان اور کویت نام شامل ہیں تاہم کورونا وائرس سے متعلق نئے قوانین کے تحت بیرون ملک سے سفر کرنے والے افراد کو 24 دسمبر سے ابوظہبی میں داخلے کی اجازت ہے۔ابوظہبی کے میڈیا آفس کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ سیاحوں کو اپنے ملک سے روانگی سے 96 گھنٹے قبل کوویڈ19 کا ٹسٹ منفی آنے کی رپورٹ دکھانا ہوگی اور پھر ابو ظہبی پہنچنے پر ایک اور ٹسٹ کروانا ہوگا۔ابو ظہبی کی ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز کمیٹی نے کہا ہے کہ چھ یا اس سے زیادہ دن رہنے والے سیاحوں کو چھٹے دن پی سی آر ٹسٹ کروانا ہوگا اوراگر وہ 12 یا اس سے زیادہ دنوں کے لئے قیام کر رہے ہیں تو 12ویں دن بھی ٹسٹ کروانا ہوگا۔کمیٹی نے وضاحت کی کہ ان ممالک سے ابو ظہبی جانے والے سیاح جوگرین لسٹ کا حصہ نہیں ہیں انہیں 10 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور اس فہرست کا ہر دو ہفتے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

Leave a comment