آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کا تزک و احتشام سے تہنیتی اجلاس اساتذ ہ و طلبہ کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انعامات اور اعزازات تقسیم

آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کا تزک و احتشام سے تہنیتی اجلاس

اساتذہ و طلبہ کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انعامات اور اعزازات تقسیم

تھانے (آفتاب شیخ)

علم و تربیت کا چراغ جلانے والوں اور اپنی محنت و صلاحیت سے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام رضوان حارث آئیڈیل گروپ آف اسکولز اور جونیئر کالج رابوڑی تھانہ میں سالانہ تہنیتی اجلاس گزشتہ روز اسکول کے وسیع ہال میں شاندار تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ پروگرام یوم اساتذہ کی مناسبت سے ہر سال روایتی طور پر منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر انتظامیہ نے اساتذہ کی طویل مدتی تعلیمی خدمات اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں مختلف انعامات اور اعزازات پیش کیے جن میں اسناد اور ٹرافیاں شامل تھیں۔ اسی طرح دسویں، بارہویں اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

اجلاس کی صدارت آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب صدر مقصود باپے نے کی، جبکہ پرنسپل انور احمد شیخ نے اسکول کی ترقی اور جدید تعلیمی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مجوزہ منصوبہ ’ویژن 2028‘ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سوسائٹی کے سینئر ٹرسٹی محمد اسماعیل نیریکر نے ایک کہانی کے ذریعے طلبہ اور اساتذہ کے باہمی تعلق اور ان کی ذمہ داریوں پر موثر پیغام دیا اور اساتذہ کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مہمان خصوصی سینئر صحافی سرفراز آرزو نے اپنے خطاب میں جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے، اساتذہ کی ذمہ داریوں اور رول ماڈل بننے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ خود کا جائزہ لیتے رہیں، وقت کے مطابق تبدیلی اختیار کریں اور طلبہ کے لیے مثالی رہنما بنیں۔ اس موقع پر اسلم، ہاشم اور آفرین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading