کسی کی مدد نہیں چاہیے‘: ٹرمپ کی نیٹو ممالک پر تنقید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اکثر نیٹو اتحادی ممالک کی طرف سے امریکہ کو کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں حصہ لینا نہیں چاہتے۔

ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’چونکہ ہمیں اس قدر عسکری کامیابی ملی ہے، ہمیں نیٹو ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہمیں اس کی خواہش ہے۔ ہمیں کبھی ان کی ضرورت نہیں تھی۔‘

ٹرمپ نے اس پیغام میں جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا بھی ذکر کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھیں اتحادی ممالک کے اقدام سے ’حیرت نہیں ہوئی‘۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انھیں ’کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔‘

جو کینٹ کے استعفیٰ پر ٹرمپ کا رد عمل، ’انھوں نے کہا ایران کوئی خطرہ نہیں تو ان کا جانا بہتر ہے‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاؤنٹر ٹیررازم ڈائریکٹر جو کینٹ کے استعفے کے بارے میں اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’میں انھیں اچھی طرح نہیں جانتا تھا، لیکن جب میں نے ان کا بیان پڑھا تو مجھے احساس ہوا کہ ان کا جانا بہتر ہے۔‘

یاد رہے کہ امریکہ کے انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران کے خلاف حملے پر احتجاجا مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ایران میں جاری جنگ کی اپنے ضمیر کے خلاف جا کر حمایت نہیں کر سکتے۔

ٹرمپ نے ان کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ ’میں نے ان کا بیان پڑھا۔ میں ہمیشہ سمجھتا تھا کہ وہ اچھے انسان ہیں لیکن سکیورٹی کے معاملے میں کمزور تھے، بہت کمزور۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’میں انھیں اچھی طرح نہیں جانتا تھا، لیکن جب میں نے ان کا بیان پڑھا تو مجھے احساس ہوا کہ ان کا جانا بہتر ہے، کیونکہ انھوں نے کہا کہ ایران کوئی خطرہ نہیں تھا۔‘

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایران ایک خطرہ تھا، ہر ملک نے یہ سمجھ لیا ہے کہ ایران کتنا بڑا خطرہ ہے۔‘

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading