امتیازجلیل کی شکل میں اورنگ آباد سے چالیس سال بعد مسلمان امیدوار کامیاب،23مسلمان لوک سبھا پہنچے
سب سے زیادہ سات اترپردیش سے کامیاب ہوئے ہیں امتیازجلیل کی شکل میں اورنگ آباد سے چالیس سال بعد مسلمان امیدوار کامیاب،23مسلمان لوک سبھا پہنچے
ممبئی 23مئی(ایجنسیز)مہاراشٹر میں اورنگ آباد سے ایک عرصہ بعد کسی مسلمان امیدوار نے لوک سبھا کا انتخاب جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے،آل انڈیا مسلم اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے امیدوار امتیاز سید جلیل یہاں سے کامیاب ہونے والے دوسرے مسلمان ہیں،1980میں سلیم قاضی کامیاب ہوئے تھے،ان کے بعد ایک مرتبہ ڈاکٹر رفیق زکریا کوکانگریس نے امیدوار ی دی تھی ،لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔امتیاز جلیل کی شکل میں کسی مسلمان کو چالیس سال بعد کامیابی ملی ہے ۔
مہاراشٹر کے اورنگ آباد کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد سے ایم آئی ایم کے صدر بیرسٹراسدالدین اویسی بھی ایک مرتبہ پھر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ممبئی کے عطر کے مشہور تاجر اور اے آئی یو ڈی ایف کے روح رواں بدالدین اجمل نے بھی آسام میں پھرکامیابی حاصل کی ہے ،پہلے اجمل کی پارٹی کے دوممبرتھے،بہار سے حج کمیٹی کے چیئرمین چودھری محبوب علی قیصر اور ڈاکٹر محمد جاوید کامیاب ہوئے ہیں۔
مسلمانوں کی تعداد میں ایک ممبر کا اس بار لوک سبھا میں اضافہ ہوا ہے ،جموں وکشمیر میں این سی کے فاروق عبداللہ ،حسنین مسودی اور محمد اکبر لون جیت گئے ہیںجبکہ کیرالا میں مسلم لیگ کے اے ایم عارف اور ای ٹی محمد بشیر کامیاب ہوئے ہیں۔لکش دیپ میں محمد افضل نے جیت حاصل کی ہے اور مہاراشٹر میں امتیاز جلیل کامیاب ہوئے ہیں اور پنجاب سے محمد صادق جیت گئے ہیں۔
ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش سے سات اور مغربی بنگال سے چار مسلمانوں کو جیت ملی ہے ،یوپی میں اعظم خان،کنوردانش علی،افضل انصاری ،حاجی محمد یعقوب،ای سٹی حسن،حاجی فضل الرحمن اور ڈاکٹر شفیق الرحمن برق شامل ہیں جبکہ مغربی بنگال میں نصرت جہاں ،خلیق الرحمن ،ابوطاہر خان،اور سجدہ احمد شامل ہیں۔