پربھنی:15ستمبر(ورق تاز ہ نیوز)پربھنی کے ساکن اور مراٹھواڑہ کے نامور خوش گلوشاعر زرتاج ہاشمی سحر کا آج شدید دل کادورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ۔ 52سالہ شاعر سحر کو آج شام چھ بجے دل کادورہ پڑنے پر شہر کے سیول اسپتال میںشریک کیاگیاتھا ۔اورعلاج کے دوران ہی انھوں نے تقریباساڑھے سات بجے شام داعی اجل کو لبیک کہا ۔مرحوم گیانوپاسک کالج پربھنی کے شعبہ اردو میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدہ پربرسرخدمت تھے ۔ ان کی نماز جنازہ بروزاتوار 16 ستمبر کوصبح دس بجے مسجد روشن خان محلہ میں ادا کی جائے گی اور قادرآباد پلاٹ قبرستان میںتدفین عمل میں آئے گی ۔ اُن کے پسماندگان میں ایک لڑکااور ایک لڑکی کے علاوہ دیگر افراد خاندان ہیں ۔ان کاایک مجموعہ کلام ” مظہرعشق“ شائع ہوچکا ہے۔زرتاج ہاشمی سحر کئی آل انڈیا مشاعرے اور اپنی خوش گلو آواز اور دلکش انداز بیان سے مشاعروں کولوٹ لیا کرتے تھے ۔ اُن کے انتقال کی خبر سن کر مراٹھواڑہ کے ادبی حلقوں میں اظہار افسوس و رنج کیاجارہا ہے ۔ادارہ ”ورقِ تازہ“ خداوند کریم سے دعاگو ہے کہ وہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔ آمین۔