ناندیڑ شہر میں ماں اور بیٹی کی پُراسرار موت، علاقے میں سنسنی

ناندیڑ: 5 جون ۔( ورق تازہ نیوز)شہر کے وزیرآباد علاقے میں ماں اور بیٹی کی مشتبہ حالات میں موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات وزیرآباد پولیس کی جانب سے جاری ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر کے عقب میں رہائش پذیر 32 سالہ کاجل وجے جادھو اپنی 12 سالہ بیٹی وشاکھا جادھو کے ساتھ رہتی تھیں۔ کاجل جادھو کوتھا علاقے کے یشوسائی اسپتال میں نرس کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔

جمعہ کے روز جب ماں اور بیٹی طویل وقت تک گھر سے باہر نہیں نکلیں تو پڑوسیوں کو تشویش ہوئی۔ انہوں نے گھر کے باہر سے آوازیں دیں، تاہم اندر سے کوئی جواب نہ ملا۔ اس پر پڑوسیوں نے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے، جہاں دونوں ماں بیٹی بستر پر بے ہوش حالت میں پڑی ہوئی ملیں۔

پڑوسیوں نے فوری طور پر دونوں کو ناندیڑ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا، لیکن ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد کاجل وجے جادھو (32) اور ان کی بیٹی وشاکھا جادھو (12) کو مردہ قرار دے دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیرآباد پولیس اسٹیشن کے اہلکار سرکاری اسپتال پہنچ گئے اور ابتدائی کارروائی مکمل کی۔ بعد ازاں دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے وشنوپوری کے سرکاری اسپتال روانہ کر دی گئیں۔

پولیس کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ فی الحال پولیس مختلف زاویوں سے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading