ناندیڑ:ملزم کی تحویل سے2 دیسی پستول اور کارتوس برآمد

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف جاری "آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے دو دیسی پستول، پانچ زندہ کارتوس، ایک خالی کارتوس، پانچ میگزین اور ایک بیگ سمیت 60 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔یہ کارروائی پولیس اسٹیشن ایئرپورٹ اور مقامی جرائم شاخ (LCB) ناندیڑ کی مشترکہ ٹیم نے انجام دی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ایئرپورٹ میں گناہ نمبر 258/2026 کے تحت آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ اویناش کمار کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں مقامی جرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر اتل بھوسلے کی نگرانی میں معاون پولیس انسپکٹر وٹھل گھوگرے اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ناندیڑ کے راج مال کے پارکنگ ایریا میں ایک نوجوان اپنے بیگ میں دیسی پستول فروخت کرنے کی نیت سے موجود ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کرگوپال عرف بٹّو سدرشن چوہان (21 سال) ساکن نمسکار چوک، ناندیڑ کو حراست میں لیا۔

ملزم کے قبضے سے دو دیسی پستول، پانچ زندہ کارتوس، ایک خالی کارتوس اور پانچ میگزین برآمد ہوئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 60 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ ضبط شدہ سامان کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ اسلحہ سائی سنگھ عرف سائی لالا دیپک سنگھ گہروار اور شیخ شاہ رخ عرف کبوتر شیخ اجگر سے خریدا تھا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔گرفتار ملزم کو ضبط شدہ اسلحہ کے ساتھ پولیس اسٹیشن ایئرپورٹ میں پیش کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ٹیم کے افسران اور اہلکاروں کی ستائش کی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading