ناندیڑ دیہی قتل کیس میں پانچ مفرور ملزمان گرفتار

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) 5 جون:ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن میں درج قتل کے ایک سنگین مقدمے میں ملوث پانچ مفرور ملزمان کو مقامی کرائم برانچ (LCB) نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی یہ کارروائی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی ہدایت پر جاری ’’آپریشن فلش آؤٹ‘‘ کے تحت انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 663/2026 کے تحت بھارتیہ نیایا سنہتا کی دفعات 103(1)، 109(1)، 3(5) اور بھارتی اسلحہ قانون کی دفعہ 4/25 کے تحت مقدمہ درج ہے۔ اس مقدمہ کے ملزمان واقعہ کے بعد سے فرار تھے اور پولیس کو مطلوب تھے۔

ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ارچنا پاٹل (بھوکر) اور سورج گرو (ناندیڑ) کی رہنمائی میں مقامی کرائم برانچ کے پولیس انسپکٹر اتل بھوسلے نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ اسی دوران پولیس سب انسپکٹر مہیش کورے کی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی کہ مطلوب ملزمان بلولی سے کندلواڑی جانے والی سڑک کے کنارے جھاڑیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا اور پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار شدگان میں پروین ایکناتھ ہمبرڈے (23)، چیتنیہ سنجے پانچال (18)، ونائک عرف سورج بلی رام تاگڈے (19)، عارف قمر پاشا شیخ (18) اور پرتھمیش تکارام کڈیکر (19) شامل ہیں۔ تمام ملزمان وشنوپوری، ضلع ناندیڑ کے رہائشی ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، جس کے بعد انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے ناندیڑ دیہی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔اس کامیاب کارروائی پر ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے مقامی کرائم برانچ کے افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading