Saher ko nasha mukt aur trafik se najat ki mang

بھیونڈی میں ٹریفک کے سنگین مسائل سمیت شہر کو نشہ مکت کرنے کا مطالبہ
کانگریس کے شعیب گڈو کی وفد کے ساتھ اعلی افسران سے ملاقات

بھیونڈی ( ایس اے ):- بھیونڈی میں شہر میں ان دنوں ٹریفک کا مسئلہ انتہائی سنگین ہوچکا ہے ۔ جس سے شہر کا ٹریفک نظام بڑی طرح متاثر اور درہم برہم ہوچکا ہے ۔ ٹریفک نظام کو بہتر اور ٹریفک جام کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ لے کر شعیب گڈو نے کانگریس کے سبھی فرنٹل صدور اور سینئر لیڈران کے ساتھ بھیونڈی کے ڈی سی پی یوگیش چوہان اور ٹریفک انچارج رویندر مانے سے ملاقات کی اور ٹریفک مسئلے کو حل کرنے کے لئے میمورنڈم بھی دیا ۔ وفد میں کانگریس کے ترجمان اقبال صدیقی ، مہیلا کانگریس صدر ریحانہ انصاری ، سیوا دل صدر اشفاق ہاشمی ، یوتھ کانگریس صدر عرفات خان ، طلبا تنظیم کے صدر ریحان خان ، جھونپڑ پٹی سیل صدر احمد صدیقی ، ہیومن رائٹ کے صدر عبد الجبار ، بلاک صدر شیخ شفیق بابو ، اقلیتی کانگریس کے صدر زبیر انصاری ، INTUC کے صدر انصار مومن ، جنرل سکریٹری ذکی انصاری اور ڈاکٹر وسیم انصاری وغیرہ موجود تھے ۔

بھیونڈی شہر ضلع کانگریس کے سابق صدر شعیب گڈو نے ڈی سی پی یوگیش چوہان اور ٹریفک انچارج مانے کو سونپے گئے میمورنڈم میں کہا ہے کہ بھیونڈی شہر میں ٹریفک پولیس کی کمی کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر میں شدید ٹریفک جام سے مریضوں اور خواتین کو گھنٹوں تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کے شہر میں داخلے کے لئے بڑی گاڑیوں کا وقت متعین کیا جائے ۔ پک ٹائم میں بڑی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ ممنوع کیا جائے جس سے شہر کی عوام کو ٹریفک سے نجات مل سکیں ۔ ٹریفک پولیس کے بندوبست میں اضافہ کیا جائے ۔ بھیونڈی کے ڈی سی پی یوگیش چوہان نے ان سبھی مسائل پر تمام فریق اور لوم تاجروں کے ساتھ ملاقات کر فیصلہ لینے کی بات کی ۔ اور ٹریفک کے اعلی افسران سے بات کر بھیونڈی میں ٹریفک پولیس کی تعداد بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس دوران ڈی سی پی یوگیش چوہان نے وفد کو بتایا کہ ٹریفک کے لئے ماسٹر پلان بنا کر بھیونڈی کے عوام کو جلد ہی ٹریفک کے مسئلے سے نجات دلائی جائے گی ۔ اسی کے ساتھ شعیب گڈو نے اپنی کانگریس کے تمام فرنٹل صدور کے ساتھ ڈی سی پی کی جانب سے کی جانے والی نشے کے خلاف کارروائی پر انہیں مبارکباد پیش کی اور شہر کی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ معلوم ہو کہ کچھ دن قبل بھیونڈی پولیس نے نشے کے عادی افراد کا ایک بڑا گروہ پکڑا تھا جس میں بڑی تعداد میں منشیات اور نقدی برآمد کی تھی ۔ شعیب گڈو نے ڈی سی پی کو یقین دلایا کہ بھیونڈی کو نشہ مکت کرنے کے لئے ہمارا جو بھی تعاون لگے گا ہماری پوری ٹیم محکمہ پولیس کے ساتھ رہے گی ۔ بھیونڈی سے منشیات کا کاروبار ختم ہونا چاہئے ۔ اس کے لئے بھیونڈی کی عوام محکمہ پولیس کی مشکور رہے گی ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading