پریس ریلیز : مولانا طارق شفیق ندوی

گورکھپور:مولانا طارق شفیق ندوی صدر آل انڈیا ملی کونسل مشرقی اترپردیش نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کل مورخہ 02 / اپریل کو ندوۃ العلماء لکھنؤ کے نائب ناظم مولانا سید محمد حمزہ حسنی ندوی مدظلہ نے ایک معتدل ، متوازن اور حکیمانہ بیان جاری کیا تھا جس میں حقیقت بیانی سے کام لیتے ہوئے انھوں نے تبلیغی جماعت کے سلسلہ میں رونما ہونے والے حالات کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا تھا اور بڑے تجربہ کے ساتھ حکیمانہ انداز میں اپیل کی تھی کہ سبھی لوگ اس تنازع کے خاتمہ کے لئے متحد ہوں . اس بیان میں یہ بھی وضاحت تھی کہ ” تبلیغ جماعت کا ندوہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اس کا کوئی ممبر یہاں نہیں ہے.” بس پھر کیا تھا گھات میں بیٹھے اغیار کو موقع ہاتھ لگ گیا ، بیمار ذہن کے افراد پر ہسٹیریا کا دورہ پڑنے لگا ، آستین کے سانپ باہر نکل آئے اور کمین گاہیں سج گئیں .
میرا ان طالع آزما لوگوں کو مشورہ ہے کہ وہ ندوہ کے قیام کے بنیادی مقاصد کو ازسر نو پڑھیں تاکہ انھیں معلوم ہو کہ روز اول ہی سے ندوہ کا رشتہ تبلیغی جماعت ( سن قیام 1926 ) سے ضابطہ کا کبھی نہیں رہا ہے . اس کے باوجود یہ بھی ایک مسلم حقیقت ہے کہ ہمارے اسلاف کا تبلیغی جماعت کے بزرگوں سے ہمیشہ گہرے تعلقات رہے ہیں . آج بھی ہمیں اس کی افادیت اور نافعیت سے انکار نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے فضلاء اور طلباء تبلیغی جماعت میں سرگرم وابستگی رکھتے ہیں .
اتحاد ملی اور اخوت اسلامی کے جذبات کو فروغ دینا نیز نزاع باہمی کا خاتمہ ہمارے اولین مقاصد میں سے ہیں اس لئے ہم ہر خیر کا تعاون کرتے ہیں اور ان سے رشتہ ہموار رکھتے ہیں . ہم تمام دینی جماعتوں اور تحریکوں کو اپنا حریف نہیں بلکہ حلیف سمجھتے ہیں . اس اخلاقی رابطہ کو کوئی ضابطہ کا رشتہ سمجھ بیٹھے تو قصور اس کا ہے .
جو لوگ ندوہ کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وہ اس بات کا خوف محسوس کریں کہ وہ اللہ کے یہاں جوابدہ ہوں گے اور ایک بات ذہن نشیں کر لیں کہ ندوہ تبلیغی جماعت کا کوئی مدرسہ نہیں ہے بلکہ ایک مستقل مکتب فکر اور تحریک ہے اس کی اپنی شناخت ہے اس کے ساتھ عالمی شہرت کا ایک دارالعلوم ہے جو اہل علم اور اصحاب فکر و دانش کا گہوارہ ہے.
طارق شفیق ندوی