تمام نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری پارٹی کا عزم ہے: اجیت پوار
بلڈھانہ و چھترپتی سمبھاجی نگر کے سینکڑوں عہدیداران این سی پی میں شامل
ممبئی: 8 جولائی 2025، ہم شیواجی، شاہو، پھولے اور امبیڈکر کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری پارٹی کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی امتیاز برتے بغیر تمام سماجی طبقات کے طلباء، نوجوانوں اور طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ یہ بات نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجیت پوار نے کہا کہ ہماری پارٹی تمام مذاہب کے احترام کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ہر طبقے کو پارٹی سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اب ذات پر مبنی مردم شماری ہونے جا رہی ہے، اور 2029 کے انتخابات میں یہ سامنے آ جائے گا کہ کس ذات کی کتنی آبادی ہے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام طبقات کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں انصاف دلانے کی کوشش پارٹی کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف دیہی علاقوں پر ہی نہیں بلکہ شہری علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ شہری عوام کو بھی یہ محسوس ہونا چاہیے کہ حکومت ان کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہر ذات و مذہب کے لوگوں کے لیے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی برابری کے ساتھ کام کر رہی ہے اور یہی پیغام عوام تک پہنچنا چاہیے۔
اجیت پوار نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اپوزیشن کے پاس کوئی ٹھوس سبجیکٹ نہیں ہے، اس لیے کبھی مراٹھی زبان کا مسئلہ اٹھایا جاتا ہے تو کبھی کوئی اور بے بنیاد موضوع چھیڑا جاتا ہے۔ ہر علاقے میں الگ الگ ایشوز ہوتے ہیں، اور عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے مخالفین مختلف مسائل کھڑے کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اس کے لیے کارکنان کو ابھی سے تیاری میں لگ جانا چاہیے۔ انہوں نے کارکنوں کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر متحرک ہو جائیں اور پارٹی کو مضبوط کریں۔
اس موقع پر بلڈھانہ اور سمبھاجی نگر اضلاع سے مختلف سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں اہم عہدیداران نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شامل ہونے والوں میں سمبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور تعلقہ سے شیو سینا کے سابق ضلع پریشد رکن گیانیشور سدلمبے، خلدآباد تعلقہ میں کنڈ کوآپریٹو شوگر فیکٹری کے ڈائریکٹر اور کانگریس کے سینئر رہنما جگن ناتھ کھوسرے، کانگریس کی رہنما شبھاتائی کھوسرے، خلدآباد شہر کے سابق میونسپل صدر قیصرالدین ظہیرالدین، سابق نائب صدر سلیم قریشی، بپین بارگڑ، منیب الدین شیخ، دلیپ باویسکر، مقصود پٹیل، ویجاپور تعلقہ کے سابق نائب صدر شیخ عقیل شیخ غفور، کرشی اتپن بازار سمیتی کے ڈائریکٹر شیخ ریاض شیخ عقیل، تاجروں کی یونین کے صدر شیخ عرفان شیخ غنی، ماہر قانون رافع حسن پیرزادہ، شیسوسینا یو بی ٹی کے سابق شہر صدر الطاف بابا، اے آئی ایم آئی ایم کے تعلقہ صدر عقیل قریشی سمیت دیگر کئی اہم لوگوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس تقریب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے، امداد و بازآباد کاری کے وزیر مکرند پاٹل، خزانچی رکن اسمبلی شواجی راؤ گرجے، رکن اسمبلی ستیش چوہان، رکن اسمبلی وکرم کالے، رکن اسمبلی منوج کائندے، چیف ترجمان آنند پرانجے، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، سابق رکن اسمبلی دلیپ سانندہ، سابق رکن اسمبلی وسنت شندے، ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تمبولی، نائب خزانچی سنجے بورگے، بلڈھانہ ضلع صدر نذیر قاضی، چھترپتی سمبھاجی نگر شہر صدر ابھجیت دیشمکھ، جنوبی ممبئی ضلع صدر مہندر پانسرے سمیت کئی اہم عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔