کاسروڈولی فلائی اوور کا افتتاح وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں انجام پایا
تھانے: (آفتاب شیخ)
کاسروڈولی فلائی اوور کے پہلے مرحلے کو آج سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ "آج تھانے ضلع کی ایک اہم بنیادی ڈھانچے کی اسکیم کے پہلے مرحلے کا افتتاح میرے ہاتھوں ہوا، جس پر مجھے فخر ہے۔"
وزیر سرنائیک نے بتایا کہ عوامی نمائندے کے طور پر وہ گھوڑبندر، گائیمک اور کاسروڈولی علاقوں میں فلائی اوور کی مانگ کو لے کر مسلسل کام کر رہے تھے۔ اس پروجیکٹ کے لیے اُس وقت کے وزیراعلیٰ اور موجودہ نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے مالی منظوری دی، جس کے نتیجے میں یہ پہلا مرحلہ کم وقت میں مکمل ہوا۔
اس فلائی اوور سے تھانے، بوریولی، وسئی، جے این پی ٹی اور گجرات کے درمیان آمدورفت آسان ہو جائے گی، اور گائیمک سے واگھبیل تک کے راستے پر ٹریفک کی بھیڑ میں کمی آئے گی۔
فلائی اوور کے بائیں طرف کے حصے کو آج سے عوام کے لیے کھولا گیا ہے، جب کہ دائیں طرف کا حصہ مانسون کے بعد شروع کیا جائے گا۔ وزیر سرنائیک نے کہا کہ ہم تھانے کی ترقی کے لیے اس طرح کے انفراسٹرکچر کے کام جاری رکھیں گے۔
