نیا میڈیکل کالج اور راشننگ دفتر کے قیام کے احکامات، ٹرامبے کے ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
ممبئی: انو شکتی نگر اسمبلی حلقے میں عوامی و نجی شراکت داری کی بنیاد پر نیا میڈیکل کالج شروع کرنے کی تجویز فوری طور پر حکومت کو بھیجنے کی ہدایت نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے دی ہے۔
انو شکتی نگر اسمبلی حلقے کے مختلف مسائل پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں منترالیہ میں ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں وزیر برائے طبی تعلیم حسن مشرف، وزیر برائے ماہی گیری نتیش رانے، ایم ایل اے ثنا ملک شیخ، سابق وزیر نواب ملک سمیت محکمہ مالیات و منصوبہ بندی، شہری ترقی، بندرگاہیں، ماہی گیری، طبی تعلیم، خوراک، شہری رسد اور صارفین کے تحفظ، ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر آفس، ممبئی میونسپل کارپوریشن، مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ممبئی میں موجودہ راشننگ دفاتر کی تنظیم نو کرکے انو شکتی نگر علاقے میں ایک نیا راشننگ دفتر قائم کیا جائے اور اس کا افتتاح یکم اپریل کو کیا جائے۔ اس کے علاوہ ٹرامبے، ممبئی کے ماہی گیروں کو جال بنائی مراکز، عوامی بیت الخلاء، بجلی کی فراہمی، پانی کی سپلائی اور اندرونی سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نبارڈ کے ذریعے 61 کروڑ روپے کا ایک منصوبہ حکومت کو بھیجا گیا ہے، جس کی مسلسل پیروی کرنے کی ہدایت بھی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اجلاس میں دی۔