این سی پی نے اپنے تمام طے شدہ پروگرام منسوخ کردیئے
اوبی سی ریزرویشن کی عدالتی لڑائی کی ذمہ داری چھگن بھجبل کے ذمے
ممبئی: رواں ماہ میں این سی پی کے تمام ہونے والے پروگرام منسوخ کردیئے گئے ہیں اور پارٹی کے تمام وزراء کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس طرح کے کوئی پروگرام نہ کریں جس میں بھیڑ بھاڑہونے کا امکان ہو۔ یہ اطلاع آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔
پارٹی کے سربراہ شرد پوار کی صدارت میں یشونت راؤ چوہان پرتسٹھان ممبئی میں پارٹی کے وزراء ولیڈران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے اس موقف کا ایک بار پھر شدت سے اظہار کیا گیا کہ مقامی بلدیاتی انتخابات میں اوبی سی ریزرویشن کسی طور پر متاثر نہ ہو۔ اوبی سی کی سیاسی ریزرویشن سے متعلق عدالتی لڑائی کی ذمہ داری پارٹی کے سینئر وکیل چھگن بھجبل کے سپرد کی گئی ہے۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواب ملک نے کہا کہ پارٹی سے پہلے سے یہ موقف ہے کہ اوبی سی کے سیاسی ریزرویشن کے بغیر انتخابات نہ ہوں، پارٹی کا آج بھی وہی موقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد تشویشناک ہے۔ اس لئے پارٹی نے اپنے پہلے سے طے شدہ تمام پروگرام منسوخ کردیئے ہیں اور پارٹی کے تمام لیڈران ووزراء کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے کسی پروگرام کا انعقاد نہ کریں جس سے بھیڑ بھاڑ ہونے کا امکان ہو۔ البتہ وزیر اور سرپرست وزیر اور رابطہ وزیر اپنے اپنے اضلاع میں جاکر پارٹی کے کارکنان سے بات کرکے صورت حال کا جائزہ لیں گے اور ضروری کارروائی کریں گے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے داخلی انتخابات اور ممبرسازی مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔