بارامتی سے سنیترا اجیت پوار اور پربھنی سے مہادیو جانکر کو امیدواری

ممبئی: این سی پی کے ریاستی صدر اور ایم پی سنیل تٹکرے نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ این سی پی نے بارامتی لوک سبھا سیٹ سے سنیترا اجیت پوار کو اپنا امیدوار بنایا ہے کہ جبکہ این سی پی کوٹے سے ملنے والی پربھنی کی سیٹ کو راشٹریہ سماج کو دیا ہے جس پر مہادیو جانکر مہایوتی کے امیدوار ہوں گے۔

واضح رہے کہ این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار نے پہلے ہی رائے گڑھ سے سنیل تٹکرے اور شیرور سے شیواجی راؤ اڈھل راؤ پاٹل کے ناموں کا اعلان کر دیا تھا۔ بارامتی سے سنیترا اجیت پوار کے نام پر کئی دنوں سے چرچا چل رہی تھی جس پر آج بالآخر مہر لگ گئی۔ بارامتی حلقہ پارلیمنٹ سے سنیترا اجیت پوار کے نام کا اعلان کرتے ہوئے این سی پی کے ریاستی صدر نے یقین ظاہر کیا کہ وہ کثیر ووٹوں سے کامیاب ہوں گی۔

مہادیو جانکر سے متعلق اس موقع پر سنیل تٹکرے نے کہا کہ مہادیو جانکر مہایوتی کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے، انہوں نے مہاراشٹر میں ریزرویشن کی لڑائی کے لیے دھنگر سماج کی تحریک کھڑیکی ہے۔ سنیل تٹکر نے یقین ظاہر کیا کہ وہ سماج میں اپنی حصہ داری کی وجہ سے پربھنی سے اپنی امیدواری کا اعلان کر رہے ہیں اور وہ کثیر ووٹوں سے کامیاب ہوں گے۔

تٹکرنے کہا کہ پربھنی کی سیٹ راشٹریہ سماج پارٹی کو دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پربھنی ضلع کے عہدیداروں سے بات چیت کی گئی۔ قومی صدر اجیت دادا پوار نے راجیش وٹیکر، باباجانی درانی، پرتاپ راؤ دیشمکھ سے طویل بات چیت کی ہے۔ سنیل تٹکرے نے یہ بھی کہا کہ آج سے مہادیو جانکر مہایوتی کے امیدوار ہوں گے۔ اس پریس کانفرنس میں آر ایس پی لیڈر مہادیو جانکر، وزیر کھیل سنجے بنسوڑے، ریاستی جنرل سکریٹری شیواجی راؤ گرجے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے وغیرہ موجود تھے۔