انتخابات کارکنوں کے امتحان ہوتے ہیں۔ نہ جیت سے متکبر ہوں اور نہ ہار سے مایوس:اجیت پوار

  • چاہے کتنی ہی بڑی قیمت کیوں نہ چکانی پڑے ہم اپنے نظریے سے دستبردار نہیں ہوں گے
  • حلقہ اسمبلی کو ہدف بنانے سے ہمیں یقینی طور پر کامیابی حاصل ہوگی: سنیل تٹکرے

ممبئی: الیکشن کارکنان کے لیے امتحانات ہوتے ہیں، اس لیے جیتنے پر دیوانگی کا مظاہرہ نہ کریں اور شکست ملنے پر مایوس نہ ہوں۔ کارکنان پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی قدر کرنی چاہیے۔ اب ہمیں اسمبلی انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔یہ باتیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اجیت پوار نے آج پارٹی میٹنگ میں کہی ہیں۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اہم ریاستی عہدیداروں اور کارکنوں کی اہم میٹنگ گروارے کلب ہاؤس میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اجیت پوار نے میٹنگ میں موجود تمام عہدیداران اور کارکنان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئندہ اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنا ہے اور پارٹی تنظیم کو اسی کے مطابق بنانا ہوگا۔

اجیت پوار نے کہا کہ 10 جون کو این سی پی کی 25 ویں سالگرہ ہے اور اس موقع پر ہر ضلع میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ مہایوتی حکومت کے دوران اقلیتی سماج کے لیے بہترین فیصلے لیے گئے ہیں۔ شیو- پھولے، شاہو و امبیڈکر کا نظریہ ہماری پارٹی کا بنیادی نظریہ ہے اور ہمیں چاہے کتنی ہی بڑی قیمت ادا کرنی پڑے، ہم اس نظریے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر پارٹی کے ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات ہم سب کے لئے اہم ہیں اور ہمیں اس پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں نیشنلسٹ کانگریس کی قومی حیثیت دوبارہ حاصل کرنی ہے اور اجیت پوار کی قیادت میں پارٹی کو ملک بھر میں پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت میں ہم سب نے ایک بے مثال فیصلہ لیا ہے۔

پارٹی کے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے یقین ظاہر کیا کہ اجیت پوار کی قیادت میں ہم نے جو غیر معمولی فیصلہ لیا ہے، اسے ریاست کی عوام 100 فیصد منظوری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران مہاراشٹر میں نظریاتی سطح گرتی ہوئی دکھائی دی۔ لیکن انتخابی مہم کے دوران نیشنلسٹ کانگریس کے لیڈروں یا کارکنوں نے کسی پر تبصرہ کرتے ہوئے حد سے تجاوز نہیں کیا، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم آنجہانی یشونت راؤ چوان کے نظریہ کے حقیقی وارث ہیں۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور فوڈ اینڈ سیول سپلائیز کے وزیر چھگن بھجبل نے پارٹی پر زور دیا کہ وہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کے دوران اپنے نقطہ نظر سے تنظیم سازی پر توجہ مرکوز کرے اور سب کو اسمبلی انتخابات پر توجہ دینی چاہیے۔

نیشنلسٹ کانگریس کی میٹنگ آج ممبئی کے گروارے ہال میں ہوئی جس میں پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار، قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل، ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے، پارٹی کے سینئر لیڈر اور فوڈ اینڈ سول سپلائی وزیر چھگن بھجبل وغیرہ موجود تھے۔

اس موقع پر سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے سابق چیئرمین رام راجے نائک نمبالکر، اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جھیروال، طبی تعلیم کے وزیر حسن مشرف، ریلیف اور بازآبادکاری کے وزیر انل پاٹل، خوراک اور ادویات کی انتظامیہ کے وزیر دھرماراؤ بابا آترم، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر سنجے بنسوڑے، خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر ادیتی تٹکرے، ریاستی جنرل سکریٹری اور خزانچی شیواجی راؤ گرجے، ممبئی ڈویژنل صدر سمیر بھجبل، یوتھ ریاستی صدر سورج چوہان، قومی جنرل سکریٹری اویناش آدک اور شرور لوک سبھا کے امیدوار شیواجی راؤ ادھال راؤ پاٹل وغیرہ موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading