سڑکوں، پانی کی فراہمی اور صحت کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
شاہراہوں پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے مرکزی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا
لونا والا اور کارلا میں سیاحتی پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے
ممبئی: پونے ضلع کے ماول تعلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں منترالیہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں سڑکوں کی توسیع، پانی کی فراہمی، صحت عامہ، کھیل و تفریحی سہولیات اور سیاحتی ترقی سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ لونا والا اور وڈگاؤں (کانہے) کے ذیلی ضلعی اسپتالوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے، جبکہ جامبھول میں تعمیر ہونے والے جدید کھیل کمپلیکس کو تمام ضروری سہولیات کے ساتھ ماول تعلقہ کی پہچان بنانے پر توجہ دی جائے۔
میٹنگ میں ہدایت دی گئی کہ دیہو میونسپل کونسل سمیت کھڑکالے، وراڑے، ڈونے آڈھلے، ڈونگرگاؤں، کسگاؤں، پاٹن، کارلا اور دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ اسی طرح کارلا میں فنیکیولر روپ وے کی تعمیر کے کو بھی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ماول تعلقہ میں شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تلےگاؤں، چاکن اور شکراپور علاقوں میں سڑکوں کی توسیع اور نئے فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے مرکزی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران اجیت پوار نے کہا کہ میں خود ان کاموں کی نگرانی کروں گا تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں اور عوام کو درپیش مسائل کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔
سیاحوں اور عقیدت مندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے لونا والا اور کارلا میں خصوصی سیاحتی پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام ان علاقوں میں بڑھتی ہوئی سیاحتی سرگرمیوں اور زائرین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر وزیر صحت پرکاش آمبیٹکر (ویڈیو کانفرنس کے ذریعے)، مقامی رکن اسمبلی سنیل شیلکے، شہری ترقی، عوامی تعمیرات، مالیات و منصوبہ بندی، پانی سپلائی و صفائی، صحت، ایم ایس آر ڈی سی، ایم ایس آئی ڈی سی، داخلہ امور، کھیل اور دیگر محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔
میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ہر سال شری ایکویرا دیوی مندر میں لاکھوں عقیدت مند درشن کے لیے آتے ہیں، اس لیے مندر احاطے میں سہولیات کی ترقی کی جا رہی ہے۔ ویہیرگاؤں میں شری ایکویرا دیوی مندر کے لیے فنیکیولر روپ وے منصوبے کی منظوری دی جا چکی ہے، جس سے عقیدت مند کم وقت میں مندر تک پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے اس منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ اجیت پوار نے مزید کہا کہ لونا والا اور وڈگاؤں (کانہے) کے ذیلی ضلعی اسپتالوں کے پہلے مرحلے کی تعمیر فوری مکمل کی جائے۔ اسی طرح ماول تعلقہ کے موجے جامبھول میں 2.6 ہیکٹر رقبے پر ایک جدید کھیل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جس میں کبڈی، کھو کھو، والی بال، فٹ بال، ٹینس، رننگ ٹریک اور اسٹیڈیم جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تمام منصوبوں کو منظور شدہ بجٹ کے مطابق جلد شروع کیا جائے، جبکہ اضافی فنڈز درکار ہونے پر فوری منظوری دی جائے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹر جیون اتھاریٹی کے تحت جاری مختلف پانی کی سپلائی کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ ڈونے آڈھلے، ڈونگرگاؤں-کسگاؤں، پاٹن اور آٹھ دیہات، کارلا اور سات دیہات کی علاقائی پانی کی فراہمی کی سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو واضح ہدایات دیں کہ عوام کو پانی کی قلت کا سامنا نہ ہو اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔