ممبئی (آفتاب شیخ) مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر رہنما اور سابق ایم ایل سی سبھاش چوان کے سانحہ ارتحال پر کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھاش چوان نے زندگی بھر کانگریس کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پارٹی کی خدمت کی اور آج ان کی رحلت سے کانگریس نے ایک مخلص اور وفادار کارکن کھو دیا ہے۔
ہرش وردھن سپکال نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سبھاش چوان نے کانگریس کے نظریات کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں سکریٹری، جنرل سکریٹری، نائب صدر اور قانون ساز کونسل کے رکن شامل ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پارٹی کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔
سبھاش چوان کا تعلق سندھو درگ ضلع کے مالون تعلقہ کے گاؤں دھاما پور سے تھا۔ انہوں نے اپنے آبائی گاؤں کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور علاج کے دوران آج ان کا انتقال ہوگیا۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی سبھاش چوان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
