ممبئی، 25 اکتوبر – این سی پی نے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کرتے ہوئے سات مزید ناموں کا اعلان کیا ہے، جن میں پارٹی کی یوتھ ونگ کی نائب صدر اور صوبائی ترجمان ثنا ملک شیخ کو انوشکتی نگر سے اور ذیشان صدیقی کو باندرہ مشرق سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ این سی پی نے اب تک مجموعی طور پر 45 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔
ثنا ملک شیخ کو انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے، جو این سی پی کا ایک مضبوط قلعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس حلقے میں رکن اسمبلی نواب ملک کی شاندار کارکردگی کی بدولت ثنا ملک شیخ کی جیت کو تقریباً یقینی تصور کیا جا رہا ہے۔ ان کو ٹکٹ دینے کا اعلان آج این سی پی کے صوبائی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے پارٹی دفتر میں کیا، جہاں انہیں پارٹی کا اے بی فارم بھی دیا گیا۔
پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، صوبائی صدر سنیل تٹکرے، پارٹی کے خزانچی رکن اسمبلی شیواجی راؤ گرجے، رکن اسمبلی ادریس نائیکواڑی، صوبائی ترجمان سنجے تٹکرے، صوبائی جنرل سیکرٹری لطیف تامبولی اور دیگر پارٹی رہنما اس موقع پر موجود تھے۔
این سی پی کے دوسرے امیدواروں کی فہرست میں شامل دیگر ناموں میں اسلام پور سے نشی کانت پاٹل، تاسگاؤں کوٹھے مہانکال سے سنجے کاکا پاٹل، وڈگاؤں شیری سے سنیل ٹنگرے، شیرو سے گیانیشور کٹکے اور لوہا سے پرتاپ پاٹل چکھلیکر کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو 38 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کے بعد این سی پی کی دوسری فہرست میں یہ سات امیدوار شامل کیے گئے ہیں، جس سے پارٹی کی تیاریوں کا عزم اور جوش ظاہر ہوتا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں نے انتخابات میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا اور پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی۔
