: نانا پٹولے
راہل گاندھی کی جدوجہد جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے ہے جبکہ بی جے پی کا منوسمرتی نافذ کرنے کا خفیہ منصوبہ ہے
ممبئی: مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات ہارنے کے خوف سے بی جے پی سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا بیانیہ پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی آئین اور ریزرویشن مخالف ہے اور اس نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ایک بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے تاکہ جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا سکے۔ لیکن مہاراشٹر میں اس کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ یہ بات ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہے۔
دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جمہوریت اور آئین کو نظر انداز کیا ہے اور ریزرویشن کو ختم کرنے کا داغ اس کی پیشانی پر لگا ہوا ہے۔ 2014 میں رام لیلا میدان پر آئین کو جلایا گیا تھا لیکن آج تک بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم مودی نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ بی جے پی نے یو پی ایس سی کے امتحانات کے بغیر ہی ایک مخصوص ذات کے لوگوں کو جوائنٹ سیکرٹری کے عہدوں پر بھرتی کرکے غریبوں کو ریزرویشن کے فوائد سے محروم کیا ہے۔
پٹولے نے مزید کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس شروع سے ہی آئین کو نہیں مانتے ہیں۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دیے ہوئے آئین کو منوسمرتی سے بدل کر عوام کو دوبارہ غلام بنانے کا ان کا خفیہ منصوبہ عوام کے سامنے آچکا ہے۔ راہل گاندھی کی جمہوریت اور آئین کو محفوظ رکھنے کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک 4500 کلومیٹر لمبی بھارت جوڑو یاترا نکالی اور اس کے بعد منی پور سے ممبئی تک 7000 کلومیٹر کی بھارت جوڑو نیائے یاترا نکال کر ملک کو جوڑنے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا پیغام دیا۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں نے مسلسل چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو مہاراج، پھلے اور امبیڈکر کے توہین کا رویہ اپنایا ہے لیکن مہاراشٹر کی سمجھدار عوام ان کے جھوٹے وعدوں اور فریب کا شکار نہیں ہوگی۔