این سی پی کے انتخابی منشور کا پیر کو اجرا
’راشٹر کے لیے راشٹروادی‘ کے تھیم پر ممبنی ہے یہ منشور
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا لوک سبھا انتخابات2024 کا منشور پیر 22 اپریل کو صبح 11.30 بجے چرچ گیٹ کے قریب واقع ایم سی اے لاؤنج میں جاری کیا جائے گا۔ پارٹی کے ترجمان آنند پرانجپے نے آج ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی ہے۔
پرانجپے نے کہا کہ انتخابی منشور ’راشٹر کے لیے راشٹروادی‘ کی بنیاد پر یہ منشور تیار کیا گیا ہے۔ اس منشور کے اجرا کے موقع پر پارٹی کے قومی صدر اجیت دادا پوار، قومی ایگزیکٹو صدر ایم پی پرفل پٹیل، ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل، اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جھیرول، حسن مشرف، انل بھائی داس پاٹل، دھننجے منڈے، سنجے بنسوڈے، سمیر بھجبل، وائی پی ترویدی، بابا صدیقی، روپالی چاکنکر، سورج چوہان وغیرہ موجود رہیں گے۔
آنند پرانجپے نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں این سی پی کا خصوصی کردار ہے، جسے اس منشور میں واضح کیا گیا ہے۔ اس نے عوامی خدمات اور بنیادی منصوبوں کے ساتھ معاشی ترقی کا وعدہ کیا ہے۔ اسے نیشنلسٹ کانگریس کے سینئر لیڈر دلیپ ولسے پاٹل کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے تیار کیا ہے۔ پرانجپے نے کہا کہ اگرچہ دلیپ ولسے پاٹل صاحب اسپتال میں زیر علاج ہیں، لیکن انہوں نے اس کو تیار کرنے میں مسلسل رہنمائی کی ہے۔ اس پریس کانفرنس میں آنند پرانجپے کے علاوہ این سی پی کے قومی ترجمان برج موہن سریواستو اور ترجمان سنجے تٹکرے بھی موجود تھے۔
