NCP Urdu News 19 July 22

شیوسینا توڑنے اورٹھاکرے خاندان کو دھوکہ دینے کا الزام

این سی پی کے پر تھوپنے کی رام داس کدم وباغیوں کی کوشش: مہیش تپاسے

ممبئی: باغیوں نے شیو سینا توڑا، ماتوشری کے ساتھ دغابازی کی، ٹھاکرے خاندان کو دھوکہ دیا اوراپنی ان حرکتوں کو حق بجانب ظاہر کرنے کے لیے اس کا الزام این سی پی کے سرمنڈھنے کی کوشش رام داس کدم وکچھ باغی لیڈران کررہے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے ریاستی چیف ترجمان مہیش تپاسے نے کہی ہیں۔

تپاسے نے کہا ہے کہ 2019 میں پوار صاحب نے ہی تینوں پارٹیوں این سی پی-شیو سینا-کانگریس کو ایک ساتھ ملاکر ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنایا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے طور پر بہترکارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ ملک کے پانچ بہتر وزیراعلیٰ کی فہرست میں ان کانام آیا۔ اس لئے ادھوٹھاکرے کے ساتھ این سی پی مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے۔ مہیش تپاسے نے کہاکہ گوکہ شندے گروپ نے شیو سینا کوتوڑا لیکن اس کے پیچھے اصل ماسٹر مائنڈ بی جے پی ہے اور 2019 کی ناکامی کے بعدسے ہی اس کی یہ سازش چل رہی تھی۔پولیس فورس اور مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے ایم ایل ایز وایم پیز کو خوفزدہ کیا گیا ہے اور اس میں ادھوٹھاکرے کی ناکامی دکھائی جارہی ہے۔ جبکہ ریاست کی عوام وشیوسینک اس بات کا نہایت غور سے مشاہدہ کررہے ہیں کہ انہوں نے جسے منتخب کیا انہوں نے کس طرح ماتوشری سے غداری کی۔ تپاسے نے کہا کہ شیوسینا توڑ کر آج شندے یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کی شیوسینا ہی اصل ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر اتنے سالوں تک ماتوشری کی، آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے اور ادھوٹھاکرے وآدتیہ ٹھاکرے کی شیوسینا کو مضبوط کرنے کی کیاکوئی کوشش نہیں تھی؟تپاسے نے کہا کہ شیوسینا کے باغی ایم ایل ایز نے جو کام کیا ہے وہ مہاراشٹر کے لوگوں کے گلے نہیں اتررہا ہے۔ چونکہ ادھوٹھاکرے کے ساتھ عام وفادار شیوسینک جڑے ہوئے ہیں اس لیے ادھو ٹھاکرے پر براہ راست تنقید کے بجائے این سی پی کوموردِ الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ تپاسے نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور لوک سبھا اور ودھان سبھا میں مہاوکاس اگھاڑی ایک ساتھ انتخابی مہم چلائے گی جس سے باغیوں وان کے ریموٹ کنٹرول بی جے پی میں ابھی سے خوف پیدا ہوگیا ہے۔