ممبئی: این سی پی شرد چندر پوار کے دو اہم رکن ابھیجت پوار اور ہیمنت وانی نے این سی پی کے قومی صدراجیت پوار کی موجودگی میں این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اسی کے ساتھ کانگریس کے چندرکانت دایما سمیت تھانے و ممبرا کے سیکڑوں کارکنان بھی این سی پی میں شامل ہو گئے۔ ابھیجت پوار اور ہیمنت وانی این سی پی شرد چندر پوار کے رکن اسمبلی جیتندر اوہاڈ کے قریبی ساتھی ہیں۔
اس موقع پر اجیت پوار نے نام لیے بغیر جیتندر اوہاڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا جب ابھِجیت پوار پارٹی میں آ رہے تھے، تو انہیں کچھ لوگوں کے کالز آ رہے تھے کہ آپ کہاں ہیں، ہم بیٹھیں گے اور کوئی راستہ نکالیں گے۔ مگر اب کب راستہ نکالیں گے؟ پہلے کیا گوٹیاں کھیل رہے تھے؟
اجیت پوار نے مزید کہا کہ تھانے ضلع کی کئی اہم شخصیات این سی پی کے ساتھ تھیں، لیکن ایک شخص کی وجہ سے انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔ اس وقت لوگوں کو اس کا تجزیہ کرنا چاہیے تھا کہ تھا کیونکہ ایک شخص کی غلطیوں کی وجہ سے پوری پارٹی کا نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان جب کام کرتا ہے تو غلطیاں کرتا ہے، لیکن اگر کسی نے جان بوجھ کر غلطیاں کیں تو اس کے ساتھ کوئی نہیں رہ سکتا۔
اجیت پوار نے پارٹی میں نئے آنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی کا مقصد تمام سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ہے، اور یہی پارٹی کی کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے پارٹی میں نئے آنے والوں کی عزت کرنے کا وعدہ بھی کیا، اور کہا کہ پرانے اراکین کا بھی احترام کیا جائے گا۔ اجیت پوار نے ریاست کی خواتین کے لیے ’لاڈکی بہین یوجنا‘ کے بارے میں بھی وضاحت دی، اور کہا کہ یہ یوجنا کبھی بند نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کیا اس یوجنا کا فائدہ انہیں ہی مل رہا ہے جن کے لیے یہ بنائی گئی ہے یا غیر مستحقین اس کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں؟
این سی پی شردچندر پوار کے ایم ایل اے جیتندر اوہاڈ کے قریبی ساتھی اور ان کے سیاسی معاملات کو سنبھالنے والے ان کے ذاتی معاون ابھِجیت پوار اور ہیمنت وانی نے این سی پی میں شمولیت اختیار کی، جسے جیتندر اوہاڈ کے لیے ایک بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔ پارٹی میں شمولیت کے اس پروگرام میں این سی پی خزانچی ایم ایل اے شِواجی راؤ گرجے، چیف ترجمان اور تھانے ضلع صدر آنند پرانجپے، ریاستی جنرل سیکریٹری نجیب ملّا، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، ریاستی نائب صدر سلیم سارنگ، معاون خزانچی سنجے بورگے سمیت دیگر اہم لیڈران شریک تھے۔