چیمبور میں موسلا دھار بارش سے حفاظتی دیوار منہدم

کوئی جانی نقصان نہیں، رکن اسمبلی ثنا ملک شیخ نے دیئے متاثرین کے عارضی بازآبادکاری کے احکامات

ممبئی: ممبئی میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارش کے سبب چیمبور، واشی ناکہ کے نیو اشوک نگر میں اتوار کی شام ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ تقریباً پانچ بجے کے قریب زوردار بارش کے نتیجے میں ایک حفاظتی دیوار گر گئی جس کے ساتھ ہی دو خالی مکانات بھی زمین بوس ہوگئے۔ اس حادثے کی وجہ سے نیچے واقع کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا اور لوگوں کا گھریلو سامان بھی تباہ ہوا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حادثے کے فوراً بعد انوشکتی نگر کی رکن اسمبلی ثنا ملک شیخ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور موقع کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے انتظامیہ حرکت میں آچکی ہے۔ رکن اسمبلی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرین کے لیے عارضی بازآبادکاری کے انتظامات کئے جائیں اور بنیادی سہولیات اور کھانے پینے کا بندوبست فوراً فراہم کیا جائے تاکہ متاثرہ لوگوں کو مزید پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔

اس موقع پر آفاتِ انتظامیہ کا عملہ، ایم-ایسٹ وارڈ کی مینٹیننس ٹیم، فائر بریگیڈ اور آر سی ایف پولیس اسٹیشن کے افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ حفاظتی دیوار گرنے سے ملبہ بڑی مقدار میں سڑک اور گھروں میں پھیل گیا جسے صاف کرنے کے لیے بی ایم سی کے اہلکار فوری طور پر سرگرم ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے بھی حکام کی مدد کی تاکہ راستے جلد از جلد بحال کیے جا سکیں۔ حادثے کے بعد آر سی ایف پولیس اسٹیشن کے افسران نے موقع پر پہنچ کر پنچنامہ کیا اور نقصان کا تخمینہ لگانے کی کارروائی شروع کی۔ اس دوران ثنا ملک شیخ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی پوری ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں اور راحتی کاموں میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ شہریوں کو کسی بھی قیمت پر بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا۔

NCP Urdu News 18 August 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading