راشٹروادی کانگریس کا وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو میمورنڈم کے ذریعے مطالبہ
ممبئی: اجیت داد پوار کے طیارہ حادثے کی جانچ سی بی آئی کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے راشٹروادی کانگریس نے آج وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ایک باضابطہ میمورنڈم پیش کیا ہے۔ یہ اطلاع پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے دی ہے۔
منگل کی دوپہر وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے راشٹروادی کانگریس کے قومی کارگزار صدر پرفل پٹیل، نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت دادا پوار، ریاستی صدر سنیل تٹکرے، سینئر وزیر حسن مشریف اور نوجوان لیڈر پارتھ پوار نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں حادثے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ جانچ کے لیے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ سنیل تٹکرے نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت کی جانب سے کل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھا جائے گا اور چونکہ راشٹروادی کانگریس سی بی آئی جانچ کی خواہش رکھتی ہے، اس سلسلے میں مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
میمورنڈم میں چند اہم نکات اجاگر کیے گئے ہیں جن میں سنگین بے ضابطگیوں اور مشتبہ حالات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ اس میں پرواز کے عملے کی ساخت میں آخری وقت میں کی گئی تبدیلی، فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطے اور رن وے منظوری کے سلسلے میں پائی جانے والی ممکنہ تضادات، آن بورڈ حفاظتی انتباہی نظام کی کارکردگی پر سوالات، لینڈنگ کے قریب ہونے کے باوجود کسی ہنگامی پیغام کے ریکارڈ نہ ہونے اور عملے کی فٹنس، طیارے کی دیکھ بھال اور سسٹم کی فارینسک جانچ جیسے امور شامل ہیں۔
تٹکرے نے کہا کہ جس دن یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اسی دن متعلقہ محکمے کے مرکزی وزیر بھی موجود تھے۔ اس سے قبل ایسے معاملات میں خود مختار ایجنسیوں کو جانچ سونپی گئی ہے اور انہوں نے اپنی تفتیش شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے سی آئی ڈی کے ذریعے جانچ کے احکامات دیے ہیں، مگر سی بی آئی کے ذریعے مزید وسیع اور جامع جانچ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خود مختار ایجنسیاں جانچ کرتی ہیں تو بعض اوقات بیرونی ممالک کی متعلقہ ایجنسیاں بھی تعاون کرتی ہیں، اس لیے اس معاملے کی مکمل اور گہرائی سے تحقیقات کی جائیں اور تمام نکات کی چھان بین کر کے نتیجہ جلد از جلد صرف ریاست ہی نہیں بلکہ ملک کے عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔
سنیل تٹکرے نے مزید بتایا کہ ریاست میں حالیہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے بعد مہایوتی کے طور پر آئندہ حکمت عملی کے تعلق سے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان کے ساتھ بھی آج تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات میں بی جے پی کا مؤقف اور راشٹروادی کانگریس و شیو سینا کا موقف زیر بحث آیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت خوشگوار اور باہمی احترام کے ماحول میں ہوئی کیونکہ بی جے پی این ڈی اے میں ہماری اہم اتحادی پارٹی ہے اور اتحادی جماعتوں کا احترام ملحوظ رکھا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں بھی ملاقات کی۔ پارٹی کی حالیہ میٹنگ میں اراکین اسمبلی کی ناراضی کے حوالے سے کوئی بحث نہیں ہوئی اور اس قسم کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ راشٹروادی کانگریس کے قانون ساز اور تنظیمی ونگ متحد اور منظم انداز میں کام کریں اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت دادا پوار کی قیادت میں پارٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
