بی جے پی نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر غلط معنی پہنائے اور ریاست کا ماحول خراب کیا

جذبات مجروح ہونے پر شیواجی مہاراج سے محبت رکھنے والوں سے معذرت: ہرش وردھن سپکال

بی جے پی کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، سچ بے نقاب کرتے رہیں گے

وزیر اعظم نریندر مودی دباؤ میں ہیں، عوامی مسائل پر سڑکوں پر اتریں: پرتھوی راج چوہان

کانگریس کے ریاستی عہدیداران اور ضلعی صدور کی مشترکہ میٹنگ تلک بھون میں منعقد

ممبئی: کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ بی جے پی نے ان کے بیان کے ایک لفظ کو سیاق و سباق سے کاٹ کر جان بوجھ کر اس کا غلط مفہوم پیش کیا، سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلائی اور جو انہوں نے کہا ہی نہیں وہ ان سے منسوب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے حوالے سے غلط تاثر پیدا کیا گیا اور اس بنیاد پر ریاست میں مذہبی کشیدگی پھیلانے کی کوشش ہوئی۔ بی جے پی کی اس حرکت سے اگر شیواجی مہاراج سے محبت رکھنے والے افراد کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو وہ اس پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہرگز نہیں تھا اور اب اس معاملے کو یہیں ختم ہونا چاہیے۔

ہرش وردھن سپکال کی صدارت میں کانگریس کے ریاستی عہدیداران اور ضلعی صدور کی مشترکہ میٹنگ تلک بھون میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالاصاحب تھورات، قانون ساز کونسل میں کانگریس لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، او بی سی شعبہ کے ریاستی صدر یشپال بھانگے، خزانچی ابھیے چھاجیڈ، سینئر نائب صدر (تنظیم و انتظامیہ) ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی، سدھارتھ ہتھی امبیرے، سینئر ترجمان اتل لونڈھے، اننت گاڈگِل اور گوپال تیواری سمیت دیگر موجود تھے۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کا کارنامہ بے مثال ہے اور ان کا کسی سے موازنہ ہو ہی نہیں سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی قسم کا تقابل نہیں کیا۔ تاریخ کے موضوع پر اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن بحث شائستگی اور مطالعے کی بنیاد پر ہونی چاہیے، سماج میں ٹکراؤ پیدا نہیں ہونا چاہیے اور ذات، مذہب یا مسلک کی بنیاد پر صف بندی کسی صورت قبول نہیں۔ شیواجی جینتی قریب ہے، اس موقع پر افواہوں سے دور رہنے اور گمراہ کن مہمات کا شکار نہ ہونے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اس معاملے پر انتہائی پست سطح کی سیاست کی اور دھمکیاں بھی دیں، لیکن وہ ایسی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور بی جے پی کی پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

اپنے ایک سالہ دورِ صدارت کا حوالہ دیتے ہوئے سپکال نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور آنے والے سال کو تنظیمی استحکام کا سال قرار دیا۔ دیہی علاقوں میں منڈل سطح پر، گاؤں کی سطح پر اور شہروں میں وارڈ و حلقہ صدور کی تقرری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانے کے لیے کسانوں، بے روزگاری، خواتین کی سلامتی اور قانون و انتظام جیسے بنیادی مسائل پر مختلف انداز میں احتجاج کیا جائے گا اور حکومت سے جواب طلب کیا جائے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے اور ایپسٹین فائلز کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی شدید دباؤ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہنچانا ہوگا اور کسانوں، بے روزگاری اور دیگر بنیادی مسائل پر سڑکوں پر اتر کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے ممبئی کے کوسٹل روڈ اور لوکل ٹرین خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں اور مسافروں کو بہتر سہولتیں ملنی چاہئیں۔ انہوں نے کسانوں کی خودکشیوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کانگریس سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہونے کے ناطے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

میٹنگ میں بالاصاحب تھورات اور ستیج عرف بنٹی پاٹل نے بھی رہنمائی کی۔ سینئر صحافی راجو پرولیکر نے ’کانگریس کو نظریاتی سیاست کیوں کرنی چاہیے‘ کے موضوع پر خطاب کیا جبکہ امئے تیرودکر نے ’مہاراشٹر کی بدلتی ہوئی سیاسی ثقافت‘ پر اظہار خیال کیا۔ ہرش وردھن سپکال کے بطور ریاستی صدر ایک سال مکمل ہونے پر ان کا گلدستہ پیش کر کے استقبال بھی کیا گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading