یومِ آزادی کے موقع پر این سی پی کی جانب سے ریاست بھر میں ’آئین کا مطالعہ‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا: سنیل تٹکرے

گزشتہ پانچ دنوں میں ’جن سمّان یاترا‘کو عوام کا زبردست تعاون، بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر ریاست بھر میں ’آئین کا مطالعہ‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے۔ صبح پرچم کشائی کے پروگرام کے بعد پارٹی کے مرکزی دفتر کے ساتھ ہی ریاست بھر میں پارٹی کے تمام دفاتر میں ’آئین کا مطالعہ‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے آج ایک پریس کانفرنس میں دی ہے۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں آئین کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔ جبکہ ہمارا اس بات پر اعتقاد ہے کہ ملک کا آئین ملک کی روح ہے اور ملک کے سیکولر نظریات و اخلاقیات پر ہمارا پختہ یقین ہے۔ اسی پختہ یقین کی وجہ سے این سی پی کی جانب سے آئین، سیکولر نظریات و اخلاقیات کا پیغام یاست بھر میں پہنچانے کے لیے ہم نے ’آئین کا مطالعہ‘ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی پی کے ریاستی ترجمان نے کہا کہ یہ ملک تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ہے۔ گیتا، رامائن، بائبل و قرآن ہمیں جس قدر عزیز ہیں، اسی قدر ہمیں ملک کا آئین بھی عزیز ہے اور اسی لیے اجیت پوار کی قیادت میں 15 اگست کو آئین کا اجتماعی مطالعہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار کی قیادت میں پونے میں، میں ریاستی دفتر میں، قومی کارگزار صدر پرفل پٹیل گوندیا میں، ناسک میں سینئر لیڈر وزیر چھگن بھجبل اور تمام سینئر لیڈران، وزراء، ایم ایل اے، ضلع صدور، تحصیل صدور آئین کی تمہید کا اجتماعی مطالعہ کریں گے۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ ہم نے لوک سبھا کے لیے جو منشور جاری کیا تھا اس کے پہلے صفحے پر آئین کی تمہید پیش کی تھی۔ شیو، شاہو، پھلے، امبیڈکر کے نظریات، اصولوں اور عقائد پر یقین کے ساتھ ہماری سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس کو مزید مضبوط کرنے کی ایک منفرد کوشش کے طور پر آئین کے اجتماعی مطالعہ کا پروگرام یومِ آزادی کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے اس موقع پر پارٹی کے قومی صدر کی قیادت میں جاری ’جن سمّان یاترا‘ کے بارے میں بھی معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا ریاست میں 8 اگست سے شروع کی گئی تھی۔ مسلسل پانچ دنوں تک یہ یاترا جاری رہی۔ یہ یاترا پہلے دن دنڈوری، دیولالی، دوسرے دن نیفاڈ، ایولہ، تیسرے دن سننر، کوپرگاؤں، چوتھے دن دھولیہ شہر، ضلع، املنیر تک گئی۔ اس تاریخی ’جن سمّان یاترا‘ کو عوام کی جانب سے بے مثال تعاون ملا اور بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

اس پریس کانفرنس میں این سی پی ممبئی کے صدر سمیر بھجبل، ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے، ریاستی ترجمان آنند پرانجے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے اور یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان وغیرہ موجود تھے۔

NCP Urdu News 13 August 24.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading