ہماری لڑائی دولت کے خلاف عوامی طاقت کی ہوگی: ششی کانت شندے
ممبئی: لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بعد اب ریاست میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) نے ممبئی میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر شہری اداروں کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ممبئی میں پارٹی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی ششی کانت شندے کی صدارت میں ممبئی ڈویژن کی ایک خصوصی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں پارٹی تنظیم کی موجودہ صورتحال، آنے والے بلدیاتی انتخابات، کارکنوں کی تیاری اور مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ریاستی دفتر ممبئی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ششی کانت شندے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس نہ حکومت ہے اور نہ ہی سرمایہ، اس لیے ہماری لڑائی دولت کی طاقت کے خلاف عوام کی طاقت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ابھی سے الیکشن کی تیاری شروع کر دیں تاکہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھرپور مظاہرہ کر سکے۔
اس موقع پر پارٹی کی ممبئی ڈویژن کی صدر و سابق کارپوریٹر راکھی جادھو، قومی ترجمان نسیم صدیقی، این سی پی یوتھ کانگریس کے قومی صدر فہد احمد، سابق ریاستی خواتین صدر و سابق رکن اسمبلی ودیا تائی چوہان، ریاستی جنرل سیکریٹری رویندر پوار، ادیتی نلاوڑے، ببن کناؤجے، بھال چندر شیروڑے، سابق ممبئی صدر چندرکانت ترپاتھی، شمال مشرقی ممبئی کے صدر و سابق کارپوریٹر دھننجے پسال، مغربی شمالی ممبئی کے صدر اجیت رانے، جنوب وسطی ممبئی کے صدر عارف سید، جنوبی ممبئی کے صدر روپیش کھانڈکے، ٹرانسپورٹ شعبہ کے ریاستی سربراہ و سابق رکن اسمبلی ملند کامبلے، شمالی ممبئی کے صدر وجے آنند شروڈکر، ممبئی ایڈمنسٹریشن کے نائب صدور لکشمن پجاری، اُتم راو مانے، ممبئی جنرل سیکریٹری چندرمنی جادھو، ممبئی خواتین ونگ کی صدر پریا تائی بانڈیواڑکر، خواتین ونگ صدر سرینا ملہوترا، یوتھ ونگ صدر امول ماتیلے، اقلیتی شعبہ کے سابق ممبئی صدر سُہیل صوبیدار سمیت تمام محکموں کے عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اس موقع پر راکھی جادھو نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کروڑوں روپے کے فنڈ کو بی جے پی اپنی تشہیر کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ مہا یوتی کی حکومت میں شامل پارٹیوں کے سابق کارپوریٹروں کو فنڈ مختص کیے جا رہے ہیں۔ کروڑوں روپے کی فکسڈ ڈپازٹ کو حکومت نے توڑ دیا ہے۔ گزشتہ ڈھائی سے تین سالوں سے ممبئی کارپوریشن میں عوامی نمائندے نہیں ہیں اور انتخابات ملتوی رکھنے کا ایجنڈا بی جے پی کا ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس (شرد پوار) عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل مظاہرے اور احتجاج کر رہی ہے۔ ہم شرد پوار صاحب کی رہنمائی میں اس مہا یوتی حکومت کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کر رہے ہیں۔ میونسپل الیکشن کے تناظر میں پارٹی تنظیم سازی اور عوامی رابطہ مہم تیز کی جا رہی ہے تاکہ شہر میں عوام کی آواز بن کر ابھرا جا سکے۔
NCP-SP Urdu News 30 July 25.docx