ممبئی میونسپل کارپوریشن کی 12 ہزار کروڑ کی بینک جمع پونجی پر بی جے پی مہایوتی کا ڈاکہ

ترقی کے نام پر صرف لوٹ مار، ممبئی کے حق کے پیسے پر ہاتھ صاف کیا گیا: ورشا گائیکواڑ

ممبئی: مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت کے دوران ممبئی میونسپل کارپوریشن کے بینک کھاتوں میں تقریباً 90 ہزار کروڑ روپے کا فکسڈ ڈپازٹ موجود تھا، جو ممبئی کے عوام کی محنت اور ان کا جائز حق تھا۔ مگر گزشتہ تین سال اور نو ماہ کے نام نہاد ’ایڈمنسٹریٹر راج‘ کے دوران بی جے پی مہایوتی نے اس پونجی پر کھلے عام ہاتھ صاف کیا اور تقریباً 12 ہزار کروڑ روپے نکال لیے۔ یہ سنگین الزام ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ پروفیسر ورشا ایکناتھ گائیکواڑ نے عائد کیا ہے۔

مہایوتی حکومت کی بدعنوانی پر سخت حملہ کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن پر ایڈمنسٹریٹر مسلط کر کے بی جے پی اتحاد نے ممبئی کو لوٹنے کا منظم منصوبہ نافذ کیا۔ مالی سال 2021–22 میں مختلف بینکوں میں بی ایم سی کا فکسڈ ڈپازٹ 91,690.84 کروڑ روپے تھا، جس میں سے 12,192 کروڑ روپے نکال لیے گئے۔ حکمراں طبقہ یہ دعویٰ کرتا ہے کہ یہ رقم شہر کی ترقی کے لیے استعمال کی گئی، مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے خرچ کیے جانے کے باوجود ممبئی کے شہریوں کو بنیادی صحت کی سہولتیں تک میسر نہیں۔ کانگریس کی جانب سے میونسپل اسپتالوں کے دوروں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی شدید کمی ہے، ادویات ناپید ہیں اور عام مریضوں کو بروقت علاج نہیں مل پا رہا۔ سوال یہ ہے کہ محکمہ صحت کا بجٹ آخر جاتا کہاں ہے؟

ورشا گائیکواڑ نے مزید کہا کہ ممبئی کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، شہر بھر میں سڑکیں کھود کر چھوڑ دی گئی ہیں، ایک بھی سڑک بہتر حالت میں نہیں ہے۔ چھ ماہ میں ’ممبئی کو کھڈوں سے آزاد‘ کرنے کے دعوے کہاں گئے؟ میونسپل اسکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے اور عوامی تعلیم کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ مہایوتی حکومت نے ممبئی کو بدحال اور غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم سی کا سالانہ بجٹ تقریباً 74 ہزار کروڑ روپے کا ہے، مگر اس کا فائدہ عام ممبئی کے شہریوں تک نہیں پہنچتا۔ آج میونسپل کارپوریشن پر چند منتخب ٹھیکیداروں اور بلڈروں کی اجارہ داری قائم ہو چکی ہے۔ حکمراں پارٹیوں کے لیڈران، ٹھیکیداروں اور بلڈروں کی یہ ’بدعنوان مثلث‘ ممبئی کے عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ ورشا گائیکواڑ نے واضح کیا کہ اگر کانگریس کو ممبئی میونسپل کارپوریشن میں اقتدار ملا تو ان تمام مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کی گہرائی سے جانچ کرائی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

MRCC Urdu News 2 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading