وزیرخزانہ نرملا سیتارمن کے ممبئی آمد کے موقع پربڑھتی مہنگائی اور ایندھن وکوکنگ گیس کی قیمتوں میں ہورہے بے پناہ اضافے ممبئی کانگریس کی جانب سے دادر میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پروزیرخزانہ کو کالے جھنڈے دکھاتے ہوئے نرملاسیتارمن گوبیک کے نعرے لگائے گیے۔ اس احتجاج کی قیادت ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے کی جبکہ ریاستی کانگریس کے نومنتخب کارگزار صدر وسابق وزیرنسیم خان، ممبئی کانگریس کے کارگزار صدر چرن سنگھ سپرا،ممبئی کے سابق صدر ایکناتھ گائیکواڑ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت،ریاستی ترجمان ڈاکٹر راجوواگھمارے، ممبئی کانگریس کے جنرل سکریٹری بھوشن پاٹل سمیت ممبئی کانگریس کے عہدیداران وہزاروں کی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔اس موقع پر بھائی جگتاپ نے کہا کہ نرملاسیتارمن کا پیش کردہ بجٹ عوام کو مزید کنگال کرنے والا اور ملک کے دوچار امیروں کو مزید امیر بنانے والا بجٹ ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن اور گیس سیلنڈر کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں جبکہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت پورے ملک کو کنگال بناناچاہتی ہے۔ واضح رہے کہ نرملاسیتارمن کا پروگرام دادر میں ہی تھا اور ان کے پروگرام کے باہر ہی یہ احتجاج کیا گیا۔