ڈپلی کیٹ ووٹروں کی ذمہ داری کون لے گا؟ کمیشن نے خود کو بری الذمہ قرار دیا: ہرش وردھن سپکال
الیکشن کمیشن بی جے پی حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے، اب عوام ہی سبق سکھائیں گے: ہرش وردھن سپکال
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے ریاستی الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کے باوجود الیکشن کا اعلان کرنا جمہوری ذمہ داری سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔ کمیشن نے یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے دامن جھاڑ لیا ہے کہ وہ ڈپلی کیٹ ووٹروں کے ناموں کے سامنے ایک ’اسٹار‘ کا نشان لگا دے گا، لیکن سوال یہ ہے کہ ان ناموں کو فہرست سے حذف کرکے ووٹر لسٹ کو صاف اور شفاف کیوں نہیں بنایا جاتا؟ اس کا جواب الیکشن کمیشن دینے سے قاصر ہے۔ کمیشن کا طرزِ عمل بتا رہا ہے کہ وہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔
تلک بھون میں آج ریاستی کانگریس کی صدارت میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں قانون ساز کونسل میں کانگریس کے لیڈر ستیج پاٹل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سکریٹری اور رکنِ پارلیمنٹ رجنی تائی پاٹل، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن و سابق وزیر نسیم خان، سابق ریاستی صدر و گوا کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر کے سی پاڈوی، ایم ایل اے ڈاکٹر وِشواجیت کدم، ایم پی ڈاکٹر کلیان راؤ کالے، ایم پی رویندر چوہان، سینئر نائب صدر مظفر حسین، نائب صدر موہن جوشی اور تنظیم و انتظامی امور کے نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ اس میٹنگ میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بلدیاتی اداروں کے مجوزہ انتخابات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریاستی کانگریس کی انتخابی کمیٹی 12 اور 13 نومبر کو اجلاس منعقد کرے گی جس میں امیدواروں کے نام طے کیے جائیں گے۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ووٹ چوری کے ذریعے بنی ہے اور کانگریس مسلسل اس غیر قانونی عمل کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن سے آل پارٹی وفد نے ملاقات کرکے ووٹر لسٹ درست کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن کمیشن نے کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں صاف و شفاف انتخابات کرانا کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن وہ اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب عوام ہی ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے۔
اس موقع پر کسانوں کے مقروض ہونے کی اذیت کو اجاگر کرنے والا ایک نغمہ بھی جاری کیا گیا۔ اس موقع پر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کسانوں کو قرض معافی دے کر ان کا بوجھ کم کرے۔ کسانوں کو خودکشی کے بحران سے نکالنے کے لیے قرض معافی کے ساتھ عملی امداد فراہم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ یہ نغمہ دراصل اسی پیغام کو اجاگر کرتا ہے کہ حکومت کسانوں کی فلاح کے لیے فوری اور مؤثر قدم اٹھائے۔
MPCC Urdu News1. 4 November 25.docx