کانگریس میں شمولیتوں کا سلسلہ تیز، میرا-بھائیندر میں وینچر مینڈونسا اور تارین مینڈونسا کانگریس میں شامل

بی جے پی کے فریب میں نہ آئیں، میونسپل انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنائیں: ہرش وردھن سپکال

ممبئی: ریاست میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے اعلان کے بعد کانگریس پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی کڑی میں میرا-بھائیندر اسمبلی حلقے کے پہلے رکنِ اسمبلی اور مقامی سیاست کے بااثر لیڈر گِلبرٹ جان مینڈونسا کے صاحبزادوں وینچر مینڈونسا اور تارین مینڈونسا نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بی جے پی اور دیگر پارٹیوں کے کئی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی کانگریس کا دامن تھاما۔ ہرش وردھن سپکال نے تمام نئے شامل ہونے والوں کا کانگریس میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میرا-بھائیندر میں اب ایک نئے سیاسی دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

میرا-بھائیندر میں پارٹی میں شمولیت اور کانگریس کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران ریاست میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات نہیں کرائے گئے اور اب سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد یہ انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس عرصے میں میونسپل کارپوریشنوں میں برسراقتدار پارٹی نے بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی اور عوامی پیسے کی لوٹ مچائی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’پچاس کھوکے، ایکدم اوکے‘ کا کھیل چلتا رہا اور اقتدار میں بیٹھے لوگوں نے بے تحاشا دولت سمیٹی۔

سپکال نے مزید کہا کہ اقتدار میں موجود عناصر کو بدعنوانی کا پیسہ کم پڑنے لگا ہے، اسی لیے وہ اب منشیات کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بھائی پرکاش شندے کی ستارا ضلع میں واقع زمین پر منشیات کا ایک بڑا کارخانہ ممبئی کرائم برانچ کی کارروائی میں بے نقاب ہوا۔ اس کارخانے میں بنگالی زبان بولنے والے مزدور کام کر رہے تھے، جن میں سے تقریباً 43 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، مگر الزام ہے کہ رکنِ پارلیمنٹ شری کانت شندے کی مداخلت کے بعد ان میں سے 40 افراد کو رہا کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف گزشتہ گیارہ برسوں سے عوام کو جھوٹے وعدوں میں الجھایا جا رہا ہے، تو دوسری طرف دہلی میں نریندر مودی اور مہاراشٹر میں دیویندر فڈنویس ذات اور مذہب کی بنیاد پر نفرت پھیلا کر سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سپکال کے مطابق برسراقتدار پارٹی کے وزرا اور ان کے قریبی رشتہ دار بدعنوانی میں پوری طرح ڈوبے ہوئے ہیں اور ’مل بانٹ کر کھاؤ‘ کی سیاست چل رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر کو سبق سکھائیں اور میرا-بھائیندر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کو کامیاب بنائیں۔

اس موقع پر سابق رکنِ اسمبلی مظفر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹوں کی چوری کے ذریعے انتخابات جیت رہی ہے اور ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کی شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ مظفر حسین نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی سیاست کی ہے، جبکہ بی جے پی-مہایوتی حکومت نے میرا-بھائیندر میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی اور میٹرو منصوبے جیسے وعدے کیے، مگر آج تک ان پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ کانگریس کے ذریعے اس علاقے میں حقیقی ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔

MPCC Urdu News1. 18 December 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading