پونے میں بیٹے کے نام پر ۴۰ ایکڑ سرکاری زمین ہتھیانے والے اجیت پوار کو برطرف کیا جائے: ہرش وردھن سپکال

ہزاروں کروڑ کی زمین صرف ۳۰۰ کروڑ روپے میں پوار خاندان کو دینے میں مدد کرنے والے افسران کو فوری معطل کیا جائے

کسانوں کو مفت کچھ نہیں چاہیے کہنے والے اجیت پوار کو اب مفت میں زمین لوٹنے کی لت لگ گئی ہے

ممبئی: ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے پارتھ پوار کی کمپنی نے پونے میں ۴۰ ایکڑ زمین بدعنوانی کے ذریعے اپنے قبضے میں لے لی ہے۔ ہزاروں کروڑ روپے مالیت کی یہ زمین پارتھ پوار نے محض ۳۰۰ کروڑ روپے میں خریدی ہے، اور اس پر صرف ۵۰۰ روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی گئی ہے۔ حکومت کے اختیار میں رہنے والی اس زمین کا یہ سودہ کس طرح ہوا؟ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے یہ سوال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدعنوان نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کو فوراً برطرف کرنا چاہئے۔

ہرش وردھن سپکال نے بتایا کہ پارتھ پوار کی کمپنی ’امیڈیا‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہے اور اسی کمپنی کے ذریعے کورےگاؤں پارک کے علاقے میں یہ زمین انتہائی کم قیمت پر حاصل کی گئی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ امیڈیا کمپنی کی رجسٹرڈ پونجی صرف ایک لاکھ روپے ہے۔ اس کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ یہاں آئی ٹی پارک تعمیر کرے گی اور حیران کن طور پر حکومت کے صنعت محکمہ نے صرف ۴۸ گھنٹوں میں اسے منظوری دے دی۔ ہرش وردھن سپکال نے پوچھا کہ کیا حکومت کے قبضے میں رہنے والی یہ زمین اس طرح خریدی جاسکتی ہے؟ اسٹامپ ڈیوٹی معاف کیوں کی گئی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سودے کو فوراً منسوخ کیا جائے، اس سے وابستہ تمام افسران کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔

ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ یہی اجیت پوار کسانوں کے قرض معافی کے وقت کسانوں سے کہتے ہیں کہ ہر چیز مفت میں کیوں چاہتے ہو، کچھ کام کرو۔ لیکن اسی زمین کے سودے میں ۲۱ کروڑ روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی معاف کر دی گئی۔ سپکال نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب کسانوں کا قرض معاف کرنا ہوتا ہے تو اجیت پوار کو خزانے کی فکر ہوتی ہے، مگر جب اپنی ذات اور خاندان کا مفاد ہو تو ہزاروں کروڑ کی زمین کوڑیوں کے بھاؤ ہتھیا لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورا معاملہ ایک سنگین گھوٹالہ ہے، جس سے ریاستی حکومت کی شفافیت اور اخلاقیات پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس کو اس پر فوری وضاحت دینی چاہیے کہ کس کے حکم پر اتنی قیمتی سرکاری زمین اجیت پوار کے بیٹے کو دی گئی اور کیوں۔

MPCC Urdu News 6 November 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading