MPCC Urdu News 31 Oct 23

مہاراشٹر کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کو ’پربھاساکشی‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

تیزترین اور تفصیلی میڈیا اپ ڈیٹ کے لیے سیاسی جماعتوں کی ریاستی اکائیوں کے زمرے میں پہلا انعام

ممبئی:مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کو سب سے تیز اور سب سے تفصیلی اپ ڈیٹ کے ساتھ خبریں فراہم کرنے کے لیے سیاسی پارٹیوں کے زمرے میں پربھاساکشی نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر شری نواس بِکّڈ کو یہ ایوارڈ پیر کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں منعقدہ وچار سنگم پروگرام میں دیا گیا۔

’پربھاساکشی ‘گروپ ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے میڈیا شعبوں کے کام کاج کا سروے کرتا ہے۔ اس سال کے سروے میں مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کو میڈیا کومراٹھی،ہندی، انگریزی اوراردو جیسی مختلف زبانوں میں تیز اور تفصیلی اپ ڈیٹ کے ساتھ ساتھ بروقت اور درست معلومات فراہم کرنے کے لیے پہلا انعام دیا گیا ہے۔ پیر کودہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں منعقد’پربھاساکشی‘ کی 22 ویں سالگرہ کی تقریب میں آئی اے اے این گروپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انوج گرگ،نسکارٹ میڈیا انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹرریتودوبے تیواری اور پربھاساکشی کے ایڈیٹراِن چیف نیرج دوبے نے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا کوآرڈنیٹر شری نواس بِکّڈ کو یہ ایوارڈتفویض کیا۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے اور چیف ترجمان اتل لونڈھے نے میڈیا کوآرڈینیٹر شری نواس بِکّڈ سمیت پوری ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا کام بہت ضروری ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کا میڈیا ڈپارٹمنٹ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور ہمارے لیڈر راہل گاندھی کے خیالات اور ان کے موقف کو لوگوں تک پہنچانے میں نہایت اہم اور بہترین کام کررہا ہے۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا میڈیا ڈپارٹمنٹ ریاستی صدر نانا پٹولے کی رہنمائی میں ان کی تیار کی گئی حکمت عملی کے تحت کانگریس پارٹی کے کاموں اور پالیسیوں کو لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے کہا کہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کے کام کو قومی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مہاراشٹر کانگریس کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کو ملک میں پہلا ایوارڈ ملا ہے۔مجھے پورا بھروسہ ہے کہ مہاراشٹر کانگریس کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ مزید لگن اور محنت کے ساتھ اپنے کام کو بخوبی اداکرتا رہے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading